پاکستان نے تعلیمی ویزوں کی معطلی کے معاملے پر امریکہ سے رابطہ کرلیا

امریکہ کی جانب سے حال ہی میں ختم کیا گیا یوگریڈ پروگرام پاکستان طالب علموں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا تھا؛ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی پریس بریفنگ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 اپریل 2025 15:03

پاکستان نے تعلیمی ویزوں کی معطلی کے معاملے پر امریکہ سے رابطہ کرلیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اپریل 2025ء ) دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے تعلیمی ویزوں کی معطلی کے معاملے پر امریکہ سے رابطہ کرلیا۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے حال ہی میں ختم کیا گیا یوگریڈ پروگرام پاکستان طالب علموں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا تھا، تعلیمی ویزوں کی معطلی کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ رابطے میں ہیں، امریکہ ہماری ایک بڑی برآمدی منزل ہے، امریکہ کی جانب سے تیز رفتار ٹیرف تبدیلیاں دیکھ رہے ہیں، اس معاملے پر وزیراعظم نے ایک سٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے۔

اس موقع پر افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ اہم تعلقات ہیں، حال ہی میں نمائندہ خصوصی کا دورہ کابل کافی اہم رہا جہاں متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا، پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے افغان بہنوں بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا، تاہم اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانا بھی ہماری پالیسی ہے، اسی وجہ سے ہم غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر شفقت علی خان نے جواب دیا کہ امریکہ کی جانب سے بگرام میں ائیر بیس قائم کرنے کا معاملہ سوشل میڈیا کی افواہیں ہیں تاہم یہ افغانستان اور امریکہ کی حکومتوں کا آپس کا معاملہ ہے جب کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی وفاق کا معاملہ ہے، اس ضمن میں خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کے افغانستان سے مذاکرات کے لیے ٹی او آرز کا معاملہ افغان ڈیسک سے چیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندی عائد نہیں کی، سعودی عرب نے 14 ممالک کے لیے ویزوں پر عارضی پابندی عائد کی ہے، ہم اس حوالے سے معلومات اکھٹے کررہے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ اس حوالے سے رابطے میں ہیں جب کہ برطانیہ سے پاکستان لائے جانے والے قیدی کی سماجی تقریبات میں شرکت کی اطلاعات کو دیکھیں گے، تہور رانا پر ہمارا ریکارڈ کہتا ہے کہ انہوں نے گزشتہ دو برس سے پاکستانی شہریت کی تجدید نہیں کی۔