Live Updates

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل جھوٹا ہے، عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، علیمہ خان

پیٹرن انچیف پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے عمران خان کو میسر سہولیات سے متعلق جیل سپرنٹنڈنٹ کی پریس ریلیز مسترد کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 جولائی 2025 11:53

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل جھوٹا ہے، عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، علیمہ ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ اپنے وکلاء فیصل ملک اور تابش فاروق کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جہاں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، جس کے لیے علیمہ خان جج امجد علی شاہ کے روبرو پیش ہو گئیں، وکیل فیصل ملک کی جانب سے ملزمہ کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات مہیا کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشتگری عدالت راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل جھوٹا ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، اس حوالے سے ہم سُپریم کورٹ جائیں گے‘، اس دوران صحافی نے علیمہ خان سے سوال کیا کہ ’ایک دن اڈیالہ اور ایک دن عدالت آتی ہیں، روز روز کی پیشیوں سے آپ کی جان کب چھوٹے گی؟‘، اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’انشاء اللہ ہم جلدی جان چھڑوا لیں گے‘۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کو میسر سہولیات سے متعلق وضاحت جاری کی تھی، پریس ریلیز میں کہا گیا کہ عمران خان کو جیل میں قانون کے تحت بی کلاس سہولیات میسر ہیں، ان کو خوراک، مطالعہ کتب، اخبارات، ورزش اور واک کی سہولت دی گئی ہے، انہیں 7 سیلز پر مشتمل کمپلیکس میں رکھا گیا ہے جہاں چہل قدمی کیلئے کھلا صحن بھی موجود ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس ایکسرسائز کیلیے سائیکل اور ایل ای ڈی بھی میسر ہے، ان کو دی گئی سہولیات دیگر بی کلاس کے اسیران کو میسر نہیں، بانی پی ٹی آئی کو ذاتی انتخاب کے مطابق اخبارات اور کتب کی سہولت میسر ہے، عمران خان کو اپنا کھانا تیار کروانے کیلئے باقاعدہ قیدی باورچی فراہم کیا گیا ہے جو ان کی خواہش کے مطابق ناشتہ، دوپہر اور شام کا کھانا تیار کرتا ہے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ عمران خان نے جیل سے اب تک 413 بار ٹوئٹر سے ٹوئٹ کروایا، انہوں نے ٹوئٹ سے پارٹی ورکرز کو سیاسی سرگرمیوں پر ہدایات دی ہیں، وہ 2024ء سے اب تک 10 بین الاقوامی میڈیا چینلز سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں سماعتوں کے دوران صحافیوں سے براہ راست مخاطب بھی رہے، ان سے گزشتہ 3 ماہ میں 66 سیاسی لیڈرز، فیملی ممبرز اور وکلا نے ملاقاتیں کیں۔

اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ جیل میں متعین ڈاکٹرز دن میں تین بار عمران خان کا طبی معائنہ کرتے ہیں، ان کو گزشتہ 2 ہفتے میں کسی بھی قسم کی بیماری یا عارضہ رپورٹ نہیں ہوا، جیل انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی اور صحت سے متعلق بھرپور فرائض انجام دے رہی ہے، عمران خان سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانی والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، ان کے ساتھ جیل میں کوئی امتیازی سلوک رواں نہیں رکھا جاتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات