Live Updates

اسرائیل کی دہشت گردی اور جنگی جرائم کی بدترین کاروائیوں کے نتیجے میں 60 ہزار سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں، صاحبزادہ زبیر

بے حس مسلم حکمراں خواب غفلتِ کی نیند سو رہے ہیں، وہ امریکہ اور اسرائیل کی خوشنودی کے لئے اللہ اور اس کے رسول کی ناراضگی کا باعث بن رہے ہیں

جمعہ 11 اپریل 2025 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء) جمعیت علما پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی دہشت گردی اور جنگی جرائم کی بدترین کاروائیوں کے نتیجے میں 60 ہزار سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں، خواتین اور معصوم بچوں، پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں اور دفاعی اداروں پر اسرائیلی بمباری اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ مارنے کے مترادف ہے اس ظلم اور بربریت پر امت مسلمہ مضطرب اور سراپہ احتجاج ہے جبکہ بے حس مسلم حکمراں خواب غفلتِ کی نیند سو رہے ہیں، وہ امریکہ اور اسرائیل کی خوشنودی کے لئے اللہ اور اس کے رسول کی ناراضگی کا باعث بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جامع نورانی مسجد پریٹ آباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ اسرائیل کو معاشی طور پر تباہ کرنے اور شکست دینیکے لئیامت مسلمہ آمریکہ اور اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرے جب تک اسرائیلی معیشت تباہ نہیں ہو گی اسرائیل ظلم اور بربریت ختم نہیں کرے گا، کے ایف سی اور میکڈونلڈز اسرائیل کو فنڈنگ کرتے ہیں مسلمان ان میں جاکر اپنے ہاتھوں کو غزہ کے مظلوموں کے لہو سے رنگین نہ کریں، انہوں نے کہا کہ بے حسی کی انتہا ہو چکی ہے پوری دنیا اسرائیل کے مظالم کے خلاف سراپہ احتجاج ہے اس کی مذمت کر رہی ہے جبکہ ایسے وقت میں پاکستانی صحافیوں کا وفد اسرائیل سے محبت کی پینگیں بڑھانے کے لئے مذاکرات کر کے مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کا مرتکب ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکہ اور بھارت کا علاج صرف اور صرف جہاد ہے مسلم حکمرانوں نے جہاد سے منہ موڑ لیا اس لئے ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں، امت مسلمہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے لبریز عالم کفر کے خلاف میدان جہاد میں اترنے کے لئے تیار ہے، مسلم ریاستیں ان کی ہر طرح مدد کریں، ان شا اللہ فلسطین اور کشمیر میں اسلام کا پرچم سربلند ہو گا، اللہ کی مدد سے مسلمان غالب ہوں گے اور اسلام کی حقانیت سے دنیا جگمگائے گی۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات