پاکستان پیپلز پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین اوردیگرذمداران کومبارکباد پیش کرتا ہوں، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات

اتوار 13 اپریل 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صبا کاکڑ نے انٹرا پارٹی انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین، ہمایوں خان کو جنرل سیکرٹری، ندیم افضل چن کو سیکرٹری اطلاعات اور آمنہ پراچہ کو سیکرٹری فنانس منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات پارٹی کے اندر جمہوری روایات کی عکاسی کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اس ملک میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی طاقت کی علامت رہی ہے۔

صبا کاکڑ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی بطور چیئرمین دوبارہ کامیابی پارٹی کارکنوں اور عوام کے اس اعتماد کی روشن مثال ہے جو وہ ان کی نوجوان، متحرک اور بصیرت افروز قیادت پر رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے سیاسی وژن کے وارث ہیں، انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت، فہم و فراست اور عوامی رابطہ کاری سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کے سیاسی منظرنامے پر ایک پرجوش، مدبر اور عوام دوست رہنما کے طور پر ابھر چکے ہیں۔