تاجربرادری کی حمایت سے امیر جماعت کی اپیل پر 26اپریل کو ملک گیرشٹر ڈائون ہڑتال ہوگی

ہفتہ 19 اپریل 2025 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ مظالم کے خلاف 26 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کی جائے گی جس میں تمام تاجر برادری شامل ہو گی۔ اسرائیلی فوج نے 18 مارچ سے غزہ میں دوبارہ کارروائیاں شروع کرنے کے بعد اب تک فلسطینی علاقے کے تقریباً 30 فیصد حصے کو ’سیکیورٹی بفر زون‘ میں تبدیل کر دیا ہے اور ایک ہزار 200 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

اس اقدام سے اسرائیل کے مذموم عزام کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں 50 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اکتوبر 2023 سے اب تک 50 ہزار 21 افراد ہلاک اور 1 لاکھ 13 ہزار 274 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 18 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ انسانی حقوق کی علمبر دار تنظیموں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنی بے حسی کو ختم کریں۔

فلسطین مسلمانوں کا علاقہ ہے جس پر اسرائیل قابض ہے۔اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے،گزشتہ بیس دنوں میں 700 سے زائد بچوں کو لقمہ اجل بنا دیا گیا مگر مجال ہے کہ کسی میں اتنی اخلاقی جرات پیدا ہوئی ہو کہ وہ مذمت سے آگے بڑھ کر اس کو روک سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے اتحادی امریکہ کو اس قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرائے اور سفارتی سطح پر اس معاملے کو بھر پور قوت کے ساتھ اٹھائے۔

یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جنگی اقدامات نے ان تمام دائروں کو توڑ دیا ہے جن کی پابندی بین الاقوامی قوانین کی رو سے لازمی ہوتی ہے۔ صہیونی جارحیت نے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی کی ہے بلکہ اپنی اس ہٹ دھرمی کو جائز ٹھہرانے کے لیے اس نے جو بیانیہ تعمیرکیا ہے، وہ بھی یہ ثابت کرتا ہے کہ اس کی جنگی کارروائی کا مقصد صرف حماس کی شکست نہیں ہے بلکہ وہ غزہ پر پوری طرح اپنا کنٹرول چاہتا ہے۔ غزہ پر اسرائیلی قبضے کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے مسلم دنیا کو اپنا مثبت اور قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا ۔