حکومت ،پیپلزپارٹی کا کینالز مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق

شہباز ،نواز شریف کی ہدایت پررانا ثنااللہ کاسندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفونک رابطہ قیادت نے سندھ کے تحفظات دور کرنیکی ہدایت کی ہے ،کینالز معاملے پر سندھ کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں‘ مشیر وزیر اعظم

اتوار 20 اپریل 2025 14:35

لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، دونوں رہنمائوں نے بات چیت سے مسئلہ حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے فون پر رابطہ کیا، ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات کرکے کینالز مسئلہ کو بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ سندھ کے تحفظات کا خاتمہ کیا جائے،کینالز کے معاملے پر سندھ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر ہر فورم پر اپنا موقف پیش کر چکی ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کو متنازعہ کینالز پر شدید تحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے لیے 1991 کے معاہدے کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے، پیپلز پارٹی بھی کینالز کے معاملے پر وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔