وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا مقدمہ ہر پلیٹ فارم پر لڑا ہے ، عظمیٰ بخاری

اتوار 20 اپریل 2025 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینیوں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا ہے ،غزہ سے یکجہتی کے نام پر ملک میں فساد برپا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، شرپسندوں کوقانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں جائے گی ،پنجاب میں 149 شرپسندوں کو گرفتار کر لیا گیا، اسلام امن وسلامتی کا مذہب اور اقلیتوں کی جان و مال کے تحفظ کا درس دیتا ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے ایسٹر پر مسیحی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہاکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا مقدمہ ہر پلیٹ فارم پر لڑا ہے، حکومت پاکستان غزہ کے مسلمانوں کی مالی امداد کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، جس کی مثال چند روز قبل وفاقی حکومت نے فلسطینی مسلمانوں کیلئے اشیاء ضروریہ کا امدادی سامان غزہ بھجوایا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر غزہ سے یکجہتی کے نام پر ملک کی فضا کو آلودہ کرنے کی ناکام سازش کر رہے ہیں، ایسے واقعات سے ملک کا تشخص خراب ہو رہا ہے ،فلسطینیوں سے یکجہتی کے نام پر لوگوں کے کاروبار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، فوڈ چینز میں 25 ہزار سے زائد پاکستانی بطور ورکرکام کر رہے ہیں جن میں ایک بھی یہودی نہیں ہے ،فلسطینیوں سے یکجہتی کے نام پر واقعات پوری منصوبہ بندی کے ساتھ ہو رہے ہیں، ان واقعات کے نتیجہ میں ایک شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں ۔

عظمی بخاری نے کہا کہ کیا پاکستان میں اس طرح کے پیش آنے والے واقعات سے غزہ کے مسلمانوں کو فائدہ ہورہا ہے،غزہ کے نام پر ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان کو نشانہ بنانا قابل قبول نہیں، غزہ، لبنان کے معاملے پر حکومت پاکستان عملی اقدامات کر رہی ہے ،کسی کو امن و امان خراب کرنے یا قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ،پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں سے 149 شرپسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائے گا ۔

ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہمیں بطور سوسائٹی میڈیااور علماء دین کو مل کر حوصلہ شکنی کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگ مظلوم ہیں پھربھی وہ کسی کو مارنے کی باتیں نہیں کر رہے ، اسلام تو امن اور سلامتی کا مذہب ہے ۔