Live Updates

پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کیلئے 6 نام اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا دیئے

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے کل وکلاء کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن مقرر ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 اپریل 2025 15:26

پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کیلئے 6 نام اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے 6 ناموں کی فہرست جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے 6 نام اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کردیئے گئے ہیں کیوں کہ عمران خان سے کل وکلاء کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن ہے، اس ضمن میں جمع کرائی جانے والی فہرست میں پاکستان تحریکِ انصاف نے جیل حکام کو سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی، سمیر کھوسہ، نعیم حیدر پنجھوتھا، فیصل ملک اور ظہیر عباس پر مشتمل 6 وکلاء کی فہرست بھجوا دی۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ مجموعی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی، اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، یہ کمیٹی ہر منگل اور جمعرات کے روز بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی جہاں تک ممکن ہوا ہر ملاقات میں اگلی میٹنگ کی فہرست کی منظوری چیئرمین عمران خان سے لی جائے گی۔

(جاری ہے)

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ فہرست عمران خان کے نامزد تین فوکل پرسنز گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور انتظار پنجھوتہ میں سے کسی ایک کے ذریعے جیل حکام کو ارسال کی جائے گی، یہ طریقہ چیئرمین عمران خان کی ہدایت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ہے، اجلاس میں واضح کیا گیا کہ فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہیں کرے گا، ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپلن اور مقرر قردہ قاعدے کا منحرف تصور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فہرست میں دیئے گئے افراد میں سے کسی فرد کو انتظامیہ کی جانب سے روکے جانے کی صورت میں باقی افراد عمران خان سے زیر احتجاج ملاقات کرسکتے ہیں، ایسی صورت میں جیل حکام کے خلاف فوری طور پر توہین عدالت کی پیٹیشن دائر کی جائے گی، تاہم خیبر پختونخواہ کے حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے استثنیٰ حاصل ہوگا، وہ کسی بھی دن اور کسی بھی وقت عمران خان سے ملاقات کے لیے آزاد ہوں گے، اس کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کی فہرست کی پابندی لازم نہیں ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات