پانی کی سندھ سمیت ملک بھر میں قلت ہے، آپ سندھ سے پانی کھینچیں گے تو ہم بات نہیں کریں گے ، شیری رحمن

جب ملک میں پانی ہی موجود نہیں توہمیں بتایا جائے کہ نئی نہروں کو پانی کہاں سے دیا جائے گا، نائب صدر کی بات چیت

منگل 22 اپریل 2025 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہمارا مسئلہ شدید ہے اور پانی کی سندھ سمیت ملک بھر میں قلت ہے، آپ سندھ سے پانی کھینچیں گے تو ہم بات نہیں کریں گے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دریائے سندھ میں متنازعہ نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی سراپاً احتجاج رہی کہ شاید مسئلہ حل ہو جائے لیکن اب بات بہت آگے نکل چکی ہے۔

شیری رحمن نے کہاکہ جب ملک میں پانی ہی موجود نہیں توہمیں بتایا جائے کہ نئی نہروں کو پانی کہاں سے دیا جائے گا،چیئرمین ،صدر اور ہماری پارٹی متنازعہ نہروں کے معاملے کوتواتر سے اٹھا رہے ہیں ۔ شیری رحمن نے کہاکہ ہمارا مسئلہ شدید ہے اور پانی کی سندھ سمیت ملک بھر میں قلت ہے، آپ سندھ سے پانی کھینچیں گے تو ہم بات نہیں کریں گے ،ہم ملک پرست ہیں پاکستان کھپے والی پارٹی ہیں۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہاکہ ہمارے صدر نے انتشار کے دور میں پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا، جوائنٹ سیشن میں موجودہ حکومت کو صدر نے تنبیہ کی تھی ۔ شیری رحمن نے کہاکہ صدر نے کہا تھا کہ کنالز پر کچھ صوبوں کو تشویش ہے، پی پی پی چیئرمین نے کینال کے معاملہ کو زندگی موت کا مسئلہ قرار دیا۔ شیری رحمن نے کہاکہ ملک کے تین صوبوں کو پانی کی قلت کی وجہ سے قحط سالی کا سامنا ہے ،سوسالہ تاریخ میں پہلی بار دریائے سندھ میں پانی کی ریکارڈ کمی ہوئی۔

انہوںنے کہاکہ پانی کی قلت ہرشہری اور کام کو متاثر کرتی ہے ، کونسل آف کامن انٹرسٹ کو بلایا جائے،ہمیں اپنے لوگوں کو جواب دینا ہے۔ نائب صدر پیپلزپارٹی نے کہاکہ بدین ٹھٹھہ سجاول کے کسانوں سے پوچھ لیں وہاں کیا حالات ہیں، ہمیں دیوار سے لگائیں گے تو دما دم مست قلندر ہوگا۔ شیری رحمن نے بتایاکہ سب جانتے ہیں کہ پی پی پی کو مزاحمتی سیاست آتی ہے ،کالا باغ ڈیم پر ہم نے تحریک چلائی تھی یا نہیں ۔

شیری رحمن نے کہاکہ پنجاب میں کونسا پانی موجود ہے رسا کی غلط رپورٹ جمع کی گئی،پانی کی منصفانہ تقسیم بنیادی چیز ہے۔پانی کے بغیر مویشی کھیت کچھ نہیں چل سکتا ۔ شیری رحمن نے کہاکہ ہم بنیادی حق مانگ رہے ہیں امید ہے سنوائی ہوگی، متنازعہ نہروں کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ہی حل کیا جا سکتا ہے ۔ شیری رحمن نے کہاکہ پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ مسلے کے حل کے لیے سی سی آئی کی فوری میٹنگ بلائی جائے ۔