چین میں پاکستان سفارتخانہ نے لاہور میں ہیلتھ انجنیئرنگ اینڈ منرلز شو 2025 میں چینی کمپنیوں کی ریکارڈ شرکت کو ممکن بنایا

بدھ 23 اپریل 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) بیجنگ میں واقع پاکستانی سفارتخانے نے شنگھائی، چنگدو اور گوانگزو میں پاکستانی قونصل خانوں کے تعاون سے لاہور میں 17 سے 19 اپریل 2025 تک منعقدہ چوتھے ہیلتھ، انجینئرنگ اینڈ منرلز شو (ایچ ای ایم سی) میں 200 چینی کمپنیوں کی ریکارڈ شرکت کو ممکن بنایا، 2024 کی نسبت یہ 100 فیصد اضافہ ہے۔ بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی چینی کاروباری وفد نے اس شو میں شرکت کی جو پاکستان اور چین کے درمیان کاروبار سے کاروبار اور کمپنی سے کمپنی کی سطح پر معاشی تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔

150 سے زائد چینی کمپنیوں کے نمائندگان نے صحت، انجینئرنگ، معدنیات اور مائننگ کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں میں حصہ لیا، جن کے نتیجے میں 37 مفاہمتی یادداشتوں ، معاہدوں، اظہار دلچسپی اور دیگر نوعیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے جن کی مجموعی مال435ملین ڈالر سے زائد رہی۔

(جاری ہے)

اہم معاہدوں میں 60 ملین ڈالر کا کوارٹز اسٹون برآمدی معاہدہ (جس میں 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے)، 50ملین ڈالر کی سرمایہ کاری دلچسپی برائے معدنی وسائل کی ترقی،45 ملین ڈالر کا میڈیکل ڈیوائس مینوفیکچرنگ میں جوائنٹ وینچر، اور 80 ملین ڈالر کا الیکٹرک وہیکلز کی ٹیکنالوجی منتقلی کا معاہدہ شامل تھے۔

چینی سرمایہ کاروں نےدلچسپی نمک، تانبہ، فلورائٹ، قیمتی پتھروں، آئی ٹی، ریئل اسٹیٹ، اور پاکستانی مصنوعات کی برانڈنگ کے شعبوں میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ سفارتخانہ اور قونصل خانے ان کاروباری روابط پر عملدرآمد کے لیے متحرک طور پر کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں 50 ممالک سے آئے ہوئے 800 سے زائد مندوبین شریک ہوئے، جس میں چینی وفد، جو کہ سب سے بڑی غیر ملکی شرکت تھی، کو بھرپور پذیرائی ملی۔

وزیراعظم نے چین میں پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم کو پاکستان میں چینی کاروباری وفد کی سب سے بڑی شرکت ممکن بنانے پر سراہا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے لاہور میں چینی قونصل جنرل اور پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام، بشمول چیف سیکریٹری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری کے ساتھ ایک خصوصی گول میز اجلاس کی صدارت کی اور چینی سرمایہ کاروں کی معاونت اور بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے حوالے سے سفارتخانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ، سفارتخانے نے حبیب رفیق (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے تعاون سے ایک خصوصی نیٹ ورکنگ لنچ کا اہتمام کیا، جس میں پاکستان اور چین کے نمایاں کاروباری رہنماؤں کو معدنیات، تعمیرات اور آٹو سیکٹر میں مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔وزیراعظم کے وژن سے ہم آہنگ یہ کامیاب شراکت داری پاک-چین دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ بیجنگ میں پاکستان کا سفارتخانہ اور چین میں پاکستانی قونصل خانے بنیادی شعبہ جات میں سرمایہ کاری پر مبنی اقدامات کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔