Live Updates

خیبرپختونخواہ کابینہ کا اجلاس؛ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم

پہلگام واقعہ بھارتی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اگر بھارت نے اس واقعے کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی تو بھاری قیمت چکانی پڑے گی؛ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 اپریل 2025 15:54

خیبرپختونخواہ کابینہ کا اجلاس؛ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ حکومت نے بھارتی رویے کی مذمت کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم ظاہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے رویے کی شدید مذمت کی گئی ہے، اجلاس میں کابینہ ارکان نے بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت کے لیے ہم سب متحد ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ ہمیشہ سے خطے کے امن کے لیے خطرہ رہا ہے، واقعے کے تناظر میں بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ افسوس ناک ہے، اگر بھارت نے اس واقعے کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی تو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ مودی سرکار پہلگام واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، پہلگام واقعہ بھارتی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر افسوس ہے، بھارتی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف زہر اگل رہی ہے، تاہم خبردار کرتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

دوسری طرف پہلگام میں پیش آئے واقعے کے بعد بھارت کے یک طرفہ اقدامات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بھارتی سفارتی اور آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے سفارشات منظور کرلی گئیں، اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، طارق فاطمی اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر لگائے گئے تمام بھارتی الزامات مسترد کر دیئے، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمیٹی نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات