Live Updates

ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے ہمیشہ’’ را‘‘ ملوث رہی ہے،خدیجہ زرین خان

پاکستان کبھی دہشت گردوں کو سپورٹ نہیں کرتا بلکہ ایک عرصہ سے خود دہشت گردی کا شکار ہے

جمعرات 24 اپریل 2025 17:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)چیئرپرسن کے زید کے فاونڈیشن، ممتاز علمی و سماجی شخصیت محترمہ خدیجہ زرین خان نے کہا ہے کہ بھارت پری پلان کے تحت پہلگام واقعہ کو آڑ بنا کر مکروہ ایجنڈے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں غزہ کی طرح ایک آپریشن کرنا چاہتا ہے اور یہ اس کے لیے راہ ہموار کرنے کی بڑی سازش ہے جسے کشمیری ناکام بنائیں گے، بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں خونریز واقعات بھارتی 8 لاکھ قابض افواج کی سیکورٹی ناکامی ہے جس کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالا جائے، مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 28 سیاحوں کے قتل واقعہ سے متعلق اپنے بیان میں محترمہ خدیجہ زرین خان نے کہا کہ جس طرح سفاکیت کے ساتھ سیاحوں کو قتل کیا گیا ہم اسکی مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا بلوچستان، کے پی اور کئی پاکستانی شہروں میں بھی اسی طرح نہتے شہریوں کو قتل کیا جارہا ہے، ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے ہمیشہ را ملوث رہی ہے اب بھی بھارت اپنی سیکورٹی کی خراب صورتحال کی خفت مٹانے کے لیے اب پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، پاکستان کبھی دہشت گردوں کو سپورٹ نہیں کرتا بلکہ ایک عرصہ سے خود دہشت گردی کا شکار ہے اج بھارت نے پلوامہ اور چھٹی سنگھ پورہ کے سابقہ واقعات کی طرح پھر پاکستان پر الزام تراشی کی ہے جو قابل افسوس ہے کیا وجہ ہے کہ جب بھی بھارت میں کوئی امریکی یا کسی اور بڑے ملک کا کوئی سربراہ وزٹ کرتا ہے اسی دوران مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو قتل کیا کر دیا جاتا ہے، پاکستان اور کشمیریوں نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے مگر افسوس کہ پاکستان میں جب بھی کوئی ایسا واقعہ ہوا بھارت نے کبھی بھی اس کی مذمت نہیں کی، بھارت آج کس منہ سے پاکستان پر حملے کا الزام لگا رہا ہے کیونکہ ایک چھوٹے سے خطہ کشمیر میں بھی 8 لاکھ فوج مسلط کر رکھی ہے یہ اتنی بڑی تعداد ہے کہ اگر اسے ہر گھر کے اگے کھڑا کر دیا جائے تو بھی زیادہ بنتی ہوگی جہاں ہر طرف سکیورٹی کیمرے ڈرون اور سیٹلائٹ سے نگرانی اور ایل او سی پر باڑ لگانے اور اس پر برقی رو کے ساتھ جدید سینسر اور کیمرے نصب کیے ہیں پھر یہ الزام پاکستان یا کشمیریوں پر لگانا حماقت کے سوا کچھ بھی نہیں، محترمہ نے مزید کہا کہ نریندر مودی کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور کشمیری پرامن جدوجہد کر رہے ہیں بھارت کشمیر میں غزہ کی طرح ایک مکروہ ایجنڈے کے تحت اپریشن کرنا چاہتا ہے اور یہ اس کے لیے راہ ہموار کرنے کی بڑی سازش ہے انشائاللہ کشمیر جلد ازاد ہوگا اور بھارت کو عبرت ناک شکست ہوگی۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات