Live Updates

وفاقی حکومت نے دریائے سندھ پر نہروں کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا

وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان نہروں کا منصوبہ ختم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، وزیرآبپاشی نے انڈس ریور سسٹم کا ریکارڈ وفاق کے نمائندگان کے سامنے پیش کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 اپریل 2025 20:16

وفاقی حکومت نے دریائے سندھ پر نہروں کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 24 اپریل 2025ء ) وفاقی حکومت نے دریائے سندھ پر نہروں کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا کے مطابق وفاقی حکومت ، سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان نہروں کا منصوبہ ختم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، وزیرآبپاشی نے وفاق کے نمائندگان سے ملاقات کی، جس میں مئوقف پیش کیا، وزیرآبپاشی نے انڈس ریور سسٹم کا ریکارڈ وفاق کے نمائندگان کے سامنے پیش کیا۔

مزید برآں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوے اسی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں میں اس سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اقدام انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، معاہدہ کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی بین الاقوامی دوروں اور اہم مواقع پر فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا آیا ہے تاکہ دنیا کی توجہ اصل مظالم اور ناانصافیوں سے ہٹائی جا سکے، صدر کلنٹن کے دورہ بھارت کے دوران بھی بھارت نے ایک فالس فلیگ آپریشن میں بے گناہ سکھوں کا خون بہایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر پہلگام میں وہی پرانی چال دہرائی جا رہی ہے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی مہم کا سب سے مؤثر اور متحرک حصہ رہا ہے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اے پی ایس جیسے دلخراش سانحات سے لے کر بینظیر بھٹو شہید کی جان کا نذرانہ، ہماری قربانیوں کی طویل فہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی محض ایک آبی تنازعہ نہیں، یہ ایک واضح پیغام ہے کہ بھارت خطے میں طاقت کے زعم میں جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان اس اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، بھارتی اقدام اخلاقی دیوالیہ پن کی علامت اور عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہے، عالمی طاقتیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں میں اس سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات