Live Updates

مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں مزید کمی، سالانہ شرح منفی3.52فیصد ہوگئی

گزشتہ ہفتے 18اشیا کی قیمتوں کمی ،22کی قیمتوں میں استحکام رہا‘ ادارہ شماریات

جمعہ 25 اپریل 2025 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) ملک میں ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 1.92فیصد کی مزید کمی ہوئی ہے، مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح منفی3.52فیصد ہوگئی۔ادارہ شماریات پاکستان نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 11اشیا مہنگی اور 18سستی ہوئیں جبکہ 22اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ بجلی کے سہ ماہی چارجز 19.17فیصد کم ہوئے جبکہ ایک ہفتے میں چکن 11.75، آٹا 5.68اور لہسن 4.66فیصد سستا ہوا جبکہ کیلے 3.51، پیاز 1.93اورچاول 1.58فیصد سستے ہوئے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سرسوں کا تیل، ٹماٹر، بجلی اور ایل پی جی بھی سستی ہونی والی اشیا میں شامل ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 11اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن میں آلو 6.94فیصد، انڈے 0.66فیصد، نمک 0.51فیصد مہنگا ہوا، گڑ، دہی، دال مسور، چنا، سگریٹ، کپڑے بھی مہنگی ہونیوالی اشیا میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مارچ کے مہینے میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 3دہائیوں کی کم ترین سطح 0.7فیصد پر آگئی تھی۔ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ فروری 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 1.52فیصد ریکارڈ کی گئی، جولائی تا مارچ اوسط مہنگائی کی شرح 5.25فیصد رہی، فروری کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 0.89فیصد اضافہ ہوا تھا۔

گزشتہ روز وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اینڈ آئوٹ لک میں مہنگائی سے متعلق تخمینہ جاری کیا تھا، جس میں مئی میں مہنگائی ممکنہ طور پر بڑھ کر 3سے 4فیصد کے درمیان تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ رواں ماہ اپریل میں مہنگائی 1.5فیصد سے 2فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، ملک میں مارچ 2025کے دوران مہنگائی کی شرح 0.69فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جولائی 2024سے مارچ 2025کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 5.25فیصد تھی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات