گورنر خیبرپختونخوا نے نئی نہروں کی تعمیر بارے باہمی اتفاق رائے یقینی بنانے تک نئی نہروں کی تعمیر کو روکنے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیدیا

جمعہ 25 اپریل 2025 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات میں نئی نہروں کی تعمیر کے حوالے سے باہمی اتفاق رائے یقینی بنانے تک نئی نہروں کی تعمیر کو روکنے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ گورنر کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں نئی نہروں کی تعمیر کو باہمی اتفاق طے ہونے تک روکنے کا فیصلہ قومی یکجہتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور جمہوری روایات کی عملی مثال ہے۔

گورنر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملہ پر تحفظات انتہائی دانشمندی اور ملکی و صوبائی مفاد میں وزیراعظم کے سامنے رکھے ہیں اور اس معاملے پرپیدا ہونے والی غلط فہمیاں اور صوبوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے وزیراعظم نے دانشمندانہ قدم اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں کی مثبت شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے وفاق کے ساتھ مؤثر انداز میں بات چیت قابلِ تحسین ہے۔

گورنر نے مزید کہا کہ نئی نہروں کی تعمیر کے حوالے سے صوبہ سندھ سمیت دیگر اکائیوں کے تحفظات کو سنجیدگی سے لینا اور مشترکہ مفادات کونسل کے فورم پر مشاورت کے ذریعے پیش رفت کا فیصلہ ایک نیک شگون ہے۔ ایسے فیصلے نہ صرف جمہوری عمل کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ عوامی اعتماد کی بحالی کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ 2 مئی کو ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اس فیصلے کی باضابطہ توثیق کے بعد نہ صرف خدشات دور ہوں گے بلکہ مستقبل میں ایسے معاملات کو بھی افہام و تفہیم سے حل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔گورنر کا کہنا تھا کہ پانی جیسے حساس اور اہم مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کا متفق ہونا ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔