Live Updates

پاکستان علما ء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم استحکام پاکستان منایا گیا

فلسطین ،کشمیر کی آزادی و خود مختاری ،پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں

جمعہ 25 اپریل 2025 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)پاکستان علما ء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم استحکام پاکستان منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد فلسطین اور کشمیر کی آزادی و خود مختاری اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر علما و مشائخ ،آئمہ و خطبا ء نے جمعہ کے خطبات میں بھارت کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور اس کی آڑ میں اشتعال انگیز اور جارحانہ اقدامات و دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی مودی سرکار خطے میں امن کی سب سے بڑی دشمن ہے، پہلگام ڈرامہ اسی کی اپنی ایجنسیوں کی کارستانی ہے جس کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر آبی جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کر جارہی ہے۔

معصوم اور بے گناہ لوگوں کو خون میں نہلانا بھارتی ایجنسیوں کا پرانا وطیرہ ہے، پہلگام ڈرامے کی آڑ میں بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی تو افواج پاکستان کی جانب سے اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور کراچی سے خیبر تک پوری قوم استحکام و دفاع پاکستان کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار لاہور میں چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور دیگر نے خطبات جمعہ میں کیا۔

علماء نے مزید کہا کہ لمحہ موجود میں پاکستان خود بدترین دہشت گردی کا شکار ہے اور افواج پاکستان ، سلامتی کے ادارے اور دیگر سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف عمل ہیں۔ ایسی صورتحال میں بھارت کا یہ الزام کہ پہلگام میں سیاحوں پر حملے میں پاکستان ملوث ہے ، یہ الزام نہایت احمقانہ ہے۔ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل سے نفرت کرتاہے اور خاص طور پر معصوم و بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا تو تصور بھی نہیں کرسکتا ،یہ کام بھارت کرتا آیا ہے اور کررہا ہے جس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں ۔ اگر دشمن نے کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو پوری قوم، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات