Live Updates

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کا جامعہ دارالعلوم حقانیہ کا دورہ، مولانا حامد الحق کی شہادت پر تعزیت کی

جمعہ 25 اپریل 2025 22:00

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے جمعہ کو جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا عبدالحق ثانی سے مولانا حامد الحق کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما پیر ذوالفقار شاہ باچا، صوبائی یوتھ کوآرڈینیٹر بابر سلیم ، پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع نوشہرہ کے جنرل سیکرٹری مشیئت الرحمن، نائب صدر تحصیل نوشہرہ انجنئیر ندیم خان، ڈویژنل یوتھ کوآرڈینیٹر عابد یوسفزئی ،یوتھ کوآرڈینیٹر نوشہرہ چنگیز علی خان ،یوتھ کوآرڈینیٹر نوشہرہ طارق سمام اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے مولانا عبدالحق ثانی اور نائب مہتمم دارالعلوم حقانیہ مولانا راشد الحق سے تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت بڑا سانحہ تھا، سانحہ کے بعد وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام وزیراعظم کی ہدایت پر دارالعلوم آئے، اس کے بعد خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنما بھی تعزیت اور اظہار ہمدردی کےلیے یہاں آئے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالحق ثانی نے انہیں واقعہ کے تفتیش سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تفتیش میں کوئی کمی ہے تو اسے پورا کیا جائے گا۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ پاکستان کی بڑی درسگاہوں میں شامل ہے، اس جامعہ کے طلبہ پوری دنیا میں موجود ہیں اور اس طرح کے اداروں کو سپورٹ کرنا اعزاز کی بات ہے۔ مولانا عبدالحق ثانی نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ آمد پر رانا مشہود احمد خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مولانا حامد الحق کی بڑی خدمات ہیں، واقعہ کے تفتیش میں کوئی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔

بعد ازاں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے مولانا عبدالحق، مولانا سمیع الحق شہید اور مولانا حامد الحق شہید کے قبور پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات