ٰبھارتی آبی دہشتگردی،مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان چناب پل پہنچ گئے، دریا میں سفر،مودی کیخلاف نعرے

جمعہ 25 اپریل 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام بھارتی اقدامات کیخلاف دفاع پاکستان احتجاجی مظاہروں و خطبات جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ مودی کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے، پانی کے مسئلہ پر بھارت سرکار کے خلاف قوم متحد ہے، پانی کی ایک ایک بوند کا تحفظ ہماری قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، پاکستان میں دہشت گردی کی شدید لہر کے بعد بھارت اب معاشی طور پر پاکستان کو قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، قاری محمد یعقوب شیخ،حافظ خالد نیک، فیصل ندیم، چوہدری محمد سرور،و دیگر نے خطبات جمعہ اور بعد ازاں دفاع پاکستان مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات کیخلاف ملک گیر دفاع پاکستان احتجاجی مظاہرے کئے گئے،اسلام آباد،ملتان،گجرات سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے شرکا نے مودی کیخلاف نعرے بازی کی، چناب پل پر مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان پہنچ گئے اور مودی کی بھارتی آبی جارحیت کیخلاف احتجاج ریکارڈ کروایا،مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان کشتیوں میں سوار ہوئے اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے پاکستان زندہ باد، بھارتی دہشت گردی نا منظور کے نعرے لگائے،خطبات جمعہ میں بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات کیخلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں، شہریوں نے اس بات کا عہد کیا کہ بھارتی دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ حکومت نے مودی سرکار کو جو جواب دیا وہ پاکستانی قوم کی امنگوں کے مطابق ہے، بھارت پاکستان کا ازلی دشمن، پاکستان میں دہشت گردی و تخریب کاری کروانے والا بھارت اگرباز نہ آیا تو مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا، اس دفعہ بھارت نے اگرجنگ شروع کی تو ختم نہیں کر سکے گا۔ بھارت یاد رکھے یہ 71والا پاکستان نہیں کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے پاک فوج تیار اور پاکستان کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے۔

کشمیر میں جاری تحریک کی وجہ سے بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ قاری محمد یعقوب شیخ، فیصل ندیم،چوہدری محمد سرور،و دیگر کا کہنا تھا کہ بھارت جس زبان میں بات کرے اسی میں جواب ملنا چاہئے، بھارت کے پاکستان پر الزامات تحریک آزاد ی کشمیر کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،مودی سرکار کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے،پانی پاکستان کے لئے قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکا، مرکزی مسلم لیگ بھارتی رویوں کیخلاف قوم کو متحد و بیدار کرے گی۔