Live Updates

اب عدنان سمیع خان کا کیا ہوگا فواد چوہدری کے سوال پر گلوکار سیخ پا

عدنان سمیع نے سابق وزیر کو ان پڑھ اور جاہل قرار دیدیا ،

ہفتہ 26 اپریل 2025 17:20

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام پر سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد بھارتی حکومت نے تمام پاکستانی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کا حکم دیاہے جس پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایکس پر طنز کیا ہے کہ اب عدنان سمیع خان کا کیا ہوگا فواد چوہدری کی طنزیہ ٹوئٹ پر عدنان سمیع بھی خاموش نہ رہے اور انہوں نے بھی سابق وفاقی وزیر کو ان پڑھ اور جاہل قرار دے دیا۔

بھارتی حکومت نے 23 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ انہوں نے بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کردئیے اور تمام پاکستانیوں کو ہر حال میں 29 اپریل تک بھارت سے چلے جانے کی ہدایت بھی کی۔بھارتی حکومت نے مذکورہ اعلان اس وقت کیا جب کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو سیاحوں پر حملہ کیا گیا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے اور ہندوستانی حکومت نے حملے کا غصہ پاکستان پر نکالا۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت کی جانب سے تمام پاکستانیوں کو ہر حال میں 29 اپریل تک بھارت سے چلے جانے کے اعلان کے بعد سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین نے ایکس پوسٹ میں ایک بھارتی کی ٹوئٹ پر رد عمل دیا کہ اب عدنان سمیع خان کا کیا ہوگا ان کی مذکورہ ٹوئٹ پر عدنان سمیع خان کو بھی غصہ آگیا اور انہوں نے فواد چوہدری کو ان پڑھ اور جاہل بھی قرار دیا۔

دونوں شخصیات نے ایکس پر ایک دوسرے کے ساتھ بحث کی ،ان کی بحث میں دوسرے لوگ بھی شامل ہوگئے۔فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹس میں دعویٰ کیا کہ عدنان سمیع خان کا آبائی تعلق لاہور سے تھا، جس پر گلوکار نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا تعلق لاہور نہیں بلکہ پشاور سے ہے۔عدنان سمیع خان نے لکھا کہ فواد چوہدری وزیر انفارمیشن کے قابل نہیں بلکہ مس انفارمیشن کے لائق ہیں۔

انہوں نے فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے لیے نامناسب زبان بھی استعمال کی اور لکھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان نام کے ساتھ انگریزی کے الفاظ CH کا کیا مفہوم ہے۔عدنان سمیع خان کو فواد چوہدری کی جانب سے سوال اٹھائے جانے پر اتنا برا لگا کہ انہوں نے سابق وفاقی وزیر کیلئے غبارے کا لفظ بھی استعمال کیا۔فواد چوہدری نے عدنان سمیع خان کی پوسٹ پر رد عمل دیتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور لکھا کہ لگتا ہے کہ واقعی عدنان سمیع خان کے غبارے سے ہوا نکل گئی۔

خیال رہے کہ عدنان سمیع خان کے والد 1942 میں برٹش انڈیا میں پشاور میں پیدا ہوئے تھے اور 2009 میں بھارت میں لبلبلے کے کینسر کے علاج کے دوران چل بسے تھے۔عدنان سمیع خان نے 2014 کے بعد پاکستان چھوڑا اور انہیں انڈیا نے 2015 میں شہریت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔عدنان سمیع خان کو یکم جنوری 2016 کو بھارتی شہریت دی گئی، جس پر اداکار نے جشن منایا تھا، گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے وہ بھارتی شہری ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات