Live Updates

بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 26 اپریل 2025 17:40

مظفر آباد/میرپور 26 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پاکستان کے خلاف آبی جنگ کے خطرے کے خلاف سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرہ کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین،افسر مال راجہ ایاز احمد خان،تحصیلدار عمران یوسف،کشمیر پریس کلب کے صدر سید عابد حسین شاہ، جنرل سیکرٹری راجہ سہراب خان،نائب صدر رانا شبیر راجوری، سیکرٹری مالیات عدنان جبار مغل،سابق صدر کشمیر پریس کلب ارشد محمود بٹ،سابق سیکرٹری جنرل شجاع عزیز جرال اور پریس کلب کے دیگر عہدیداران و اراکین نے کی۔

شرکاء جلوس بھارت کے خلاف زبردست نعرے بازی کررہے تھے اور بھارت کی طرف سے بین الاقوامی سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی پر سراپا احتجاج تھے۔

(جاری ہے)

احتجاجی جلوس ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوتا ہوا جب کشمیر پریس کلب پہنچا اور جلسہ کی شکل اختیار کر گیا جہاں کشمیر پریس کلب کے سیکرٹری جنرل راجہ سہراب خان نے قراردادیں پیش کیں ۔ ان قراردادوں میں بھارت کی طرف سے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات اور جھوٹے پروپیگنڈے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں تاکہ بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا دنیا کے سامنے آ سکے۔

ایک اور قرارداد میں سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی اور بھارت کی طرف سے آبی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گی اور کہا گیا کہ پوری پاکستانی اورکشمیری قوم ریاست کے تمام اداروں اور قومی مفادات کے تحفظ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ایک اور قرارداد میں بھارت کی طرف سے آنے والے دریاؤں کا پانی روک کر پاکستان کو خشک سالی کی طرف دھکیلنے اور اچانک دریاؤں کا پانی کھول کر پاکستان کو سیلاب سے دو چار کرنے کے مذموم مقاصد کی تکمیل کرنے کی بھی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ہر قسم کی جانی ومالی قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کرےگی۔ایک اور قرارداد میں کہا گیاکہ بھارت عالمی دہشت گردی میں ملوث ہے اس کابین الاقوامی محاسبہ کیا جائے۔بھارت نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی غرض سے پہلگام دہشت گردی کاواقعہ کیا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنا ہے ۔ ایک اور قرارداد میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جنوبی ایشیاء کے امن کے لیے کشمیریوں کو ان کا مسلمہ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات