Live Updates

عالمی برادری فلسطین اور جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرائے وگرنہ اسلامی ممالک ہی نہیں پوری دُنیا کا امن تباہ رہے گا‘لیاقت بلوچ

ملک گیر ہڑتال میں تاجر برادری نے اسرائیلی ،بھارتی ظلم کیخلاف اپنے قومی جذبے کے ذریعے زبردست وابستگی کا اظہار کیا

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی اُمور لیاقت بلوچ نے بلوچستان اور اسلام آباد کے چار روزہ دورہ کے بعد لاہور منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور ہڑتالی کمیٹیوں کے وزٹ کے موقع پر کہا کہ ملک گیر ہڑتال میں تاجر برادری نے شٹرڈاؤن ہڑتال کی طاقت سے اسرائیلی اور بھارتی ظلم کے خلاف اپنے قومی اور انسانیت کے احترام پر مبنی جذبے کے ذریعے زبردست وابستگی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے 25 کروڑ عوام پوری دُنیا میں انسانوں پر ظلم اور جبر کے خلاف ہیں۔ عالمی برادری فلسطین اور جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرائے وگرنہ اسلامی ممالک ہی نہیں پوری دُنیا کا امن تباہ رہے گا، دہشت گردی فروغ پائے گی اور بیگناہ انسان جنگی جرائم کا شکار رہیں گے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے سیاسی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فاشسٹ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے عوام سے جمہوری بنیادی حقوق چھین لیے، بھارت میں اقلیتوں اور پسماندہ اقوام پر ظلم نے بھارتی سورماؤں، پنڈتوں اور اقتدار کے نشے میں بدمست حکمرانوں کے خلاف بغاوت پیدا کردی ہے۔

منی پور میں عیسائیوں کے خلاف نفرت انگیزی، جلاؤ گھیراؤ اور قتلِ عام، سکھوں کے خلاف بھارت کے اندر اور باہر دہشت گرد کارروائیاں اور مسلمانوں کے خلاف عرصہ دراز سے جاری نفرت، تعصب اور ظلم پر مبنی ہندو انتہاپسندانہ سرگرمیوں سے بھارت عملاً ایک ہندو انتہا پسند اسٹیٹ بن گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تحت مودی حکومت بھارت کے لیے گورباچوف ثابت ہورہی ہے۔

بھارتی حکمرانوں، پالیسی سازوں نے ہوش و تحمل سے کام نہ لیا تو خطہ کے ساتھ خود بھارت تباہ ہوگا۔ بھارت کی طرف سے دریائے جہلم و چناب کا پانی روکنا اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا آبی دہشت گردی ہے۔ یہ اقدام مودی سرکار کو بہت مہنگا پڑے گا اور اس کے نتیجے میں بھارت خود پانی کے بحران کا شکار ہوگا۔ 25 کروڑ پاکستانی عوام پوری قوت اور اخوت کیساتھ ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب جذبہ جہاد کے ذریعے دیں گے۔

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے بروقت اور درست فیصلے کیے ہیں، حکومت اور فوج ملک میں سیاسی بحران کے خاتمہ کے لیے اِسی اسپرٹ کیساتھ تمام سیاسی قوتوں کیساتھ مل کر لائحہ عمل طے کریں۔ لیاقت بلوچ نے نہروں کی تعمیر کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کے حکومتی فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ 'دیر آید درست آید'۔ پی پی پی اور مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت نے ہاتھ سے جاتے اقتدار کے تحفظ کے لیے پانی اور نہروں کے مسئلہ پر آخرکار جعلی جرات کا مظاہرہ کرہی لیا۔

چولستان کی زمینوں کو آباد کرنے کی خبر کیساتھ ساتھ اِن زمینوں کی سکیورٹی اداروں کے افراد میں بندربانٹ نے ہولناک صورتِ حال پیدا کردی ہے۔ سندھ میں پانی اور نہروں کے مسئلہ پر احتجاج سندھ کے عوام کا حق ہے لیکن سندھ میں پی پی پی کی ناکام حکومت نے احتجاج کو حق سے بڑھ کر نفرتوں کے فروغ کا ذریعہ بنادیا۔ سندھ کے عوام نفرتوں کے اس کھیل کو اپنی حب الوطنی کی طاقت سے ناکام بنادیں گے، سندھ باب الاسلام ہے اور باب الاسلام ہی رہے گا۔

لیاقت بلوچ نے بیروزگار ہنرمند نوجوانوں کے وفد سے رابطہ دفتر میں ملاقات میں کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں 26 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئی؛ لاتعداد نوجوان روزگار کی تلاش میں سمندری لہروں کا شکار ہوگئی؛ لاتعداد تارکینِ وطن راستوں کے مصائب اور مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ برین ڈرین بھی ہے اور حکومتوں کی نااہلی، ناکام طرزِ حکمرانی کے زہریلے نتیجے کے طور پر برین لاس (brain loss) بھی۔

پلاننگ کمیشن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 سال کے دوران ملک میں بیروزگاری کی شرح ڈیڑھ فیصد سے بڑھ کر 7 فیصد ہوگئی جوکہ بھارت اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہی. اس کا حل یہ ہے کہ ایک تو ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملکی مصنوعات کی برآمد پر توجہ دی جائے اور دوسرا بیرونِ ملک جانے کے خواہش مند ہُنرمند نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار دلوایا جائے، جیساکہ 2002ء میں تقریباً سوا 2 لاکھ ہُنرمند پاکستانیوں کو قانونی طریقے سے ملازمت کے لیے بیرونِ ملک بھجوایا گیا۔

نوجوان ہمت کریں، ہُنرمندی سے قابل بنیں، غیرقانونی طریقے سے ملک چھوڑکر جانے سے انسان دشمن مافیاز کا شکنجہ مضبوط ہوگا۔ نوجوان اسلام اور پاکستان سے محبت رکھتے ہیں، نوجوان ہی منظم طاقت سے ملک دشمن اور نئی نسل کے دشمن نظام کو شکست دیں گے۔ نوجوان جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں، اُن کا اور ملک کا مستقبل محفوظ ہوگا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات