حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کراچی تا کشمور سندھ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال

غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف شہروں میں ریلیاں ، سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ اور دیگر رہنماؤں کا خطاب

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، ٹھٹھہ، بدین، جھڈو، ماتلی، کندھ کوٹ، مٹیاری، ٹنڈو آدم، کنری،عمرکوٹ، لاڑکانہ ۔ جھمپیر، سکھر، گھوٹکی، شہدادکوٹ، ٹھل، شہدادپور میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مکمل ہڑتال ،اہم کاروباری مراکز بند رہے جبکہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی قیادت میں یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں۔

لاڑکانہ کے جناح باغ چوک پر ریلی اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا کہ آج غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پورے سندھ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت پوری غزہ کی پٹی تباہ ہو چکی ہے۔ 70 ہزار سے زائد بچے، خواتین اور مرد شہید ہو چکے ہیں۔ غزہ کو اسرائیلی فوج نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ نہ خیمہ ہے، نہ پانی، نہ کھانا، لیکن دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کو فلسطینی عوام کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔ دنیا اور اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے، فلسطینی عوام کو آزادی کا حق دے اور ظلم بند کرے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے امیر کا کہنا تھا کہ نہر وںکے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ وزیراعظم کی مشترکہ پریس کانفرنس ٹوپی ڈرامہ کے سوا کچھ نہیںتھا۔

پیپلز پارٹی شروع سے ہی نہروں کے معاملے پر وفاقی حکومت کی حمایت اورسہولتکار رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے نہروں کے معاملے پر سندھ کے عوام سے جھوٹ بولا۔ سندھ کے عوام اب پیپلز پارٹی کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک متنازعہ نہروں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا۔صوبائی امیر نے اس کامیاب ہڑتال پر سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثابت ہو چکا ہے کہ بلاشک حکمران غیروں کے غلام بنے رہے ہیں لیکن یہاں کے عوام کی ہمدردیاں اور دل فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔ ریلی سے ضلعی امیر ایڈووکیٹ نادر علی کھوسو، رمیز راجہ شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔