Live Updates

پاکستان کی معیشت اب درست سمت کے ساتھ پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے،حکومت معیشت اور اداروں کی بہتری کے لئے جاری اصلاحات کو نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے ، وزیر خزانہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 27 اپریل 2025 00:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملک میں جاری معاشی اصلاحات کو نافذ کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب درست سمت کے ساتھ پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، موجودہ سمت اور کاوشوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت اور اداروں کی بہتری کے لئے جاری اصلاحات کو نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔

ہفتہ کو واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں حکومت کے دورر س اور دانشمندانہ اقدامات کی بدولت معیشت مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے مثبت معاشی اشاروں کا ذکر کرتے ہوئے غیر ملکی ذخائر میں اضافے، مہنگائی میں کمی، بہتر کریڈٹ آؤٹ لک اور مالیاتی خسارے میں کمی کا حوالہ دیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے پہلی بار زرعی آمدنی کو ٹیکس فریم ورک کے تحت شامل کرنے کا ذکر کیا اور اسے ایک قابل ذکر پیش رفت قرار دیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ معاشی ا ستحکام ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔قبل ازیں وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) میں ایک پینل مباحثے میں شرکت کی اور عالمی غیر یقینی صورتحال اور مختلف ممالک پر اس کے اثرات کے تناظر میں علاقائی تجارت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ حقیقی گیم چینجر ہے اور انہوں نے تمام اداروں میں آئی ٹی نظاموں کے انضمام کی ضرورت پر زور دیا۔واشنگٹن میں آئی ایم ایف۔ورلڈ بینک سپرنگ میٹنگز کے موقع پر واشنگٹن یو ایس ایکسپورٹ۔امپورٹ بینک (ایگزِم) کے سینئر نمائندگان سے ملاقات کی ہے۔ وفد کی قیادت قائم مقام فرسٹ وائس پریزیڈنٹ اور وائس چیئرمین جم بیروز نے کی۔

وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی مالیاتی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے تحت پہلے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے تحت نئے انتظام پر سٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے۔دریں اثنا وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے بہار اجلاس کے موقع پر اعلیٰ سطحی مذاکرات میں موسمیاتی نقصان کے تدارک اور نقصان کے فنڈ پر فوری کارروائی پر زور دیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف )کے پینل مباحثے میں برآمدات کی قیادت میں ترقی اور علاقائی تجارت کے فروغ کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نےپاک امریکا دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے امریکی محکمہ خارجہ، ڈی ایف سی اور ایگزم بینک کے حکام سے بھی ملاقات کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات