Live Updates

پہلگام حملہ سوچی سمجھی سازش تھی، یہ واقعہ ہماری کامیابیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، وفاقی وزیراطلاعات

بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو معطل کردینا بچکانہ اقدام ہے، دہشتگردی کیخلاف پاکستان نے 90 ہزار جانیں قربان کیں، جنگ میں پاکستانی معیشت کو کھربوں ڈالر کا نقصان ہوا؛ غیرملکی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 اپریل 2025 21:05

پہلگام حملہ سوچی سمجھی سازش تھی، یہ واقعہ ہماری کامیابیوں سے توجہ ہٹانے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل 2025ء ) وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ سوچی سمجھی بھارتی سازش تھی، یہ واقعہ ہماری کامیابیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پکڑا جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ غیرملکی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، کسی بھی ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان نہیں کی ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست ہیں، اس جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز، پولیس، ایجنسیوں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے ہمارے معیشت کو کھربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے اور ہم آج بھی ان دہشت گردوں، فنتہ الخوارج سے نبرد آزما ہیں، ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست اور دہشتگردی اور دنیا کے درمیان دیوار ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں پاکستان کو مضبوط کیے جانے اور حمایت کی ضرورت ہے، پاکستان نے دہشت گردی اور دہشتگردوں کے خلاف اپنا کردار ادا کیا ہے اور اب بھی کررہا ہے، میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا ذکر کروں گا اور حال ہی میں جعفر ایکسپریس کا واقعہ دیکھا جو ایک غیرمعمولی واقعہ تھا، جس میں ایک پوری ٹرین کو یرغمال بنالیا گیا، اس واقعے کی دنیا بھر نے مذمت کی مگر بھارت نے ایسا نہیں کیا، اس کی وجہ یہ ہے کہ بھارت خود دہشت گردی میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، ہم نے بھارتی بحریہ کے افسر کلبھوشن یادو کو گرفتار جو دہشت گردانہ سرگرمیوں ملوث تھا جس کے ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں، بھارت بین الاقوامی دہشت گردی اور دنیا کے دیگر ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں ملوث ہیں، پہلگام کا علاقہ لائن آف کنٹرول سے 150کلومیٹر دور ہے، اور ایسا کیوں ہے کہ اس واقعے کے صرف 10منٹ کے بعد ایف آئی آر درج ہوگئی اور پاکستان پر اس کا الزام عائد کردیا گیا،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلگام واقعہ سوچی سمجھی بھارتی سازش تھی۔

عطا تارڑ کہتے ہیں کہ ہم نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش اسی لیے کی ہے کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، بھارت اپنے لوگوں کو بیرون ممالک میں ہمارے مشنز پر حملہ کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، جیسا کہ لندن میں دو بار ہمارے ہائی کمیشن پر حملہ اور پتھراؤ کیا گیا، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری مت سمجھے، پاکستان نے ہمیشہ اپنا دفاع کیا ہے اور کرے گا، ہمارے پاس منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت ہے جیسا کہ ہم نے پلوامہ واقعے کے بعد کیا، پلوامہ واقعے کے بعد بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور پہلگام واقعے کی آڑ میں بھی کشمیریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے مگر ہم اقوام متحدہ کی استصواب رائے کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقوق حمایت رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوج ہونے کے باوجود پہلگام کے سیاحتی مقام ہونے کے باوجود وہاں اپنے لوگوں کو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی اور پھر بلاثبوت الزام پاکستان پر دھر دیا گیا، یہ الزام خود بھارت پر کیوں نہ لگایا جائے، خود بھارت کے اندر سے پہلگام واقعے کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں، بھارت نے پہلگام کا سارا واقعہ پانی کیلئے رچایا، اس واقعے کے بعد بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو معطل کردینا بچکانہ اقدام ہے کیوں کہ یہ دو طرفہ معاہدہ ہے جسے کوئی ایک فریق یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کرسکتا، اس اقدام کے ذریعے بھارت پاکستان کی معیشت اور اس کے عوام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات