Live Updates

وزیراعظم نے سندھ حکومت کی درخواست پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہی طلب کرلیا ہے، شرجیل میمن

سی سی آئی کے ہنگامی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شرکت کریں گے،اجلاس کی صدارت وزیراعظم کریں گے جس میں آج نئی نہروں پر حتمی فیصلہ ہوجائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 اپریل 2025 13:30

وزیراعظم نے سندھ حکومت کی درخواست پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل 2025)سندھ کے سینئرصوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے سندھ حکومت کی درخواست پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہی طلب کرلیا ہے،وزیراعظم نے حکومت سندھ کی درخواست پر مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کا شیڈول تبدیل کردیاہے،صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ سی سی آئی کا اجلاس 2 مئی کو ہونا تھا لیکن حکومت سندھ کی گزارش پر آج شام وزیر عظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوگا۔

سی سی آئی کے ہنگامی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شرکت کریں گے جبکہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے آج کے اجلاس میں کینالوں کے معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںوزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات کے بعد آج نئی نہروں پر حتمی فیصلہ ہوجائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اجلاس میں 6 کینالوں کے معاملے پر سندھ حکومت اپنا موقف رکھے گی۔ سی سی آئی سے نئی نہروں کی منسوخی کا فیصلہ ہوجائیگا۔ شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا مطالبہ منظور کیا۔ سندھ حکومت ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے۔ہم نے پہلے بھی وفاقی حکومت سے گزارش کی تھی کہ سی سی آئی کی میٹنگ جلدی کرائی جائے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعظم کی بات چیت کے تحت ہی کوئی بھی فیصلہ کیا جائے گا اور نہروں کا مسئلہ مستقل طور پر ختم ہو جائے گا۔جب کہ وزیراعلی سندھ اور دیگر اہم شخصیات خصوصی طیارے سے ہنگامی بنیادوں پر اسلام آباد روانہ ہورہے ہیں۔صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ یہ اجلاس کینالوں کے مسئلے کا حل نکالنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نئی نہروں کی تعمیر کا کام رکواتے ہوئے منصوبے کو صوبوں کے باہمی اتفاق رائے سے مشروط کردیاتھا۔وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد نے بلاول بھٹو کی قیادت میں وزیراعظم ہاوس میںملاقات کی تھی۔ملاقات میں دریائے سندھ میں نہریں نکالنے کے معاملے پر بات ہوئی تھی جس میں وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی تمام شرائط مان لیں تھیں۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے دریائے سندھ پر نئی نہروں کی تعمیر کا کام رکوانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھاکہ نہروں کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان اجلاس ہوا تھاجس میں نہروں کے معاملے پر باہمی رضامندی سے کام کا فیصلہ ہوا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی بروز جمعہ بلایا گیا تھا۔ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نہروں کے معاملے پر مزید پیشرفت صوبوں کے اتفاق رائے کے بغیر نہیں ہوگی۔ مشترکہ مفادات کونسل میں اتفاق رائے تک نئی نہریں نہیں بنیں گی۔ نہروں کے معاملے میں باہمی رضامندی سے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔ 

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات