Live Updates

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اس کی انتہا پسند حکومت کا سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کا اعلان قطعی غیر قانونی ہے، سینیٹر علی ظفر

پیر 28 اپریل 2025 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) سینیٹر علی ظفر نے بھارتی اقدامات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اس کی انتہا پسند حکومت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے کا اعلان قطعی غیر قانونی ہے، اگر مودی حکومت نے پانی کے ایک قطرے کو بھی موڑنے کی کوشش کی تو اسے پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

سینیٹ کے اجلاس میں پیر کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بھارتی حکومت پاکستان کا پانی بند کر کے ہمیں متاثر کرنا چاہتی ہے اور اس سے بڑی دہشت گردی کوئی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے کی معطلی نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل پر ایک کھلی جنگ کا اعلان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم نے واضح کیا تھا کہ اگر بھارت پاکستان پر حملہ کرے گا تو ہم جوابی کارروائی کرنے میں ایک لمحے کی تاخیر نہیں کریں گے اور بعد میں پاکستان نے ایسا کر کے بھی دکھایا۔

سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک نیوکلیئر پاور ہے اور ایک خودمختار قوم ہیں، جس کی ہمت پہاڑوں کی طرح بلند ہے۔ انہوں نے ایوان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یہاں نہ کوئی پٹھان ہے نہ سندھی، نہ پنجابی، نہ بلوچی ،ہم سب پاکستانی ہیں اور ملکی دفاع کے لیے ایک ہیں۔سینیٹر علی ظفر نے خبردار کیا کہ اگر مودی حکومت نے پانی کے ایک قطرے کو بھی موڑنے کی کوشش کی تو اسے پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار پراپیگنڈا بند کرے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات