Live Updates

بھارت کو معلوم بھی نہیں ہوگا ہم کہاں سے گھسیں گے اور کہاں پھٹیں گے، فیصل واوڈا

ہم ہر دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، ہم جنگ نہیں چاہتے، اگر جنگ تھوپی گئی تو ہم سب اپنی فوج کے پیچھے ہوں گے، سابق وزیر

پیر 28 اپریل 2025 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)سابق وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بھارت نے جھوٹا پروپیگنڈا کیا، ہم ہر دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر جنگ تھوپی گئی تو ہم سب اپنی فوج کے پیچھے ہوں گے، بھارت کو معلوم بھی نہیں ہوگا کہ ہم کہاں سے گھسیں گے اور کہاں پھٹیں گے۔ سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر پانی کی دھمکی دی گئی تو پہلا حملہ پاکستان کرے گا، بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، ایسا آرمی چیف ملا ہے جو قابل، بہادر اور پراعتماد ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم نے ابھینندن کو صرف واپس نہیں بھیجا تھا، میں نے بارڈر پر بھارتی جھنڈا پیر سے روندا تھا، اگر یہاں جنگ ہوئی تو وہ خطے کی ہوگی، اگر جنگ بڑھی تو پوری دنیا کی ہوگی، پوری دنیا ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستانی فوج واحد فوج ہے جس کا اللّٰہ اکبر کا نعرہ ہے، بھارت کے چائے بیچنے والے پی ایم کو کہتا ہوں کوئی حرکت کی تو بھارت کی فوج کے خون سے ہولی کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی دھمکیوں پر وزیراعظم شہباز شریف تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کو بٹھائیں اور کل جماعتی کانفرنس بلائیں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ کسی کو معافی دے دیں لیکن پاکستان کے لیے ہم سب متحد ہیں۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات