پیپلز پارٹی 17سال سے سندھ پر مسلط ، کراچی کے اداروں و وسائل پر قابض ہے ، منعم ظفر خان

شہر میں پانی کا مسئلہ حل کرنا قابض میئر کی ذمہ داری ہے،مسئلہ حل نہ ہوا تو ہر سطح پر احتجاج کریں گے ،شریف آباد میں نیازی پارک کا افتتاح و خطاب یوسی کو ملنے والے 12لاکھ روپے ماہانہ سے آدھی رقم تو تنخواہوں میں چلی جاتی ہیں ، ہر یوسی کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے،امیر جماعت اسلامی کراچی افتتاحی تقریب سے کامران سراج ، فراز حسیب ، عبید احمد ، حافظ ارشاد و دیگر کا خطاب ،علاقہ مکینوں کی شرکت و منتخب نمائندوں کی کوششوں کی تعریف

پیر 28 اپریل 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 17سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے اداروں و وسائل پر قابض ہے ، اختیارات و وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے کو تیار نہیں ہے ، قابض میئر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئر مین بھی ہیں ، شہر میں پانی کا مسئلہ حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے لیکن شہری پانی کے شدید بحران کا شکار ہیں ، پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہر سطح پر احتجاج کریں گے ۔

یوسی چیئر مینوں کو ملنے والے 12لاکھ روپے ماہانہ سے آدھی رقم تو تنخواہوں میں چلی جاتی ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر یوسی کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے ، جماعت اسلامی نے محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود اپنے 9ٹائونز میں سرکاری اسکولوں کو بہتر بنایا ، پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو آباد کیا ہے ، گلیوں میں پیور بلاک لگائے اور وہ کام بھی کروائے ہیں جو کے ایم سی اور قابض میئر کے کرنے کے تھے ، عوامی خدمت اور مسائل کے حل کی کوششیں جاری رہیں گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج ، ٹائون چیئر مین لیاقت آباد فراز حسیب اور وائس ٹائون چیئر مین اسحاق تیموری کے ہمراہ ٹائون میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کے تحت شریف آباد میں نیاری پارک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں ڈائریکٹر پارک ریحان ہمدانی ، ناظم علاقہ شریف آباد عبید احمد ،چیئر مین یوسی 2حافظ ارشاد و دیگر بھی موجود تھے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں اور جدو جہد کو سراہا ، نیازی پارک میں بچوں کے جھولوں کے علاوہ سوئمنگ پول بھی بنایا گیا ہے، منعم ظفر خان نے پارک کادورہ بھی کیا ، قبل ازیں ان کی آمد پر علاقہ مکینوں نے ان کا بھر پور خیر مقدم کیا اور بچوں و نوجوانوں نے فلسطین زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ لیاقت آباد ٹائون کی پوری ٹیم قابل مبارکباد ہے جس کی کوششوں سے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا ، پارک کی بحالی سے شریف آباد کے بچوں ، بزرگوں اور خواتین سمیت علاقہ مکینوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ، جماعت اسلامی کو ماضی میں جب بھی بلدیاتی سطح پر موقع ملا ہے ہم نے کراچی کے عوام کی بھر پور خدمت کی ہے آئندہ بھی عوامی خدمت جاری رکھیں گے ، ہمیں فخر ہے کہ کراچی صوبے کو بجٹ کا تقریباً 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ کراچی کو اس کا جائز اور قانونی حق نہیں دیا جاتا ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے حقوق اور مسائل کے حل کی جدو جہد کے ساتھ ساتھ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی بھی جاری رکھے گی ، قبلہٴ اوّل کی آزادی اور فلسطین سے رشتہ ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے ، فلسطینیوں کو کسی صورت میںبھی تنہا نہیں چھوڑ یں گے ، اسرائیل اور اس کی حمایت کرنے والوں کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اور اس مہم کو زیادہ مؤثر اور تیز کیا جائے ۔

کامران سراج نے کہا کہ آج لیاقت آباد کا آخری پارک نہیں بلکہ مزید پارکس اور سوئمنگ پولز بنائے جائیں گے۔ جماعت اسلامی کی ٹیم چمکتا، دمکتا لیاقت آباد بنانے کے لیے پُرعزم ہے ۔ اہل محلہ جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ رہیں ،عوامی فلاح و بہبود کے کام جاری رکھیں گے ، لیاقت آباد کی سڑکیں بنائی جائیں گی، سرکاری اسکولز کو بہتر کیا جائے گا۔

جماعت اسلامی کے نمائندے اختیارات و وسائل کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کام کریں گے۔ فراز حسیب نے کہا کہ ٹاؤن کے تحت پارک کی تعمیر، سرکاری اسکولوں کی تعمیر ِنو و تزئین آرائش، اسٹریٹ لائٹس کے علاوہ ٹاؤن کے پاس کوئی کام کرنے کا اختیار نہیں ہے لیکن اس کے باوجود جماعت اسلامی کے ٹاؤن و یوسی چیئرمین صبح و شام پانی، سیوریج اور بجلی کے مسائل بھی حل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

جماعت اسلامی اپنے محدود وسائل اور اختیارات سے زیادہ کام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ آنے والے وقتوں میں لیاقت آباد ٹائون ایک ماڈل ٹائون بنے گا اور اس کی روشنیوں کو بحال کریں گے۔ عبید احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں پارکوں کے افتتاح کا سلسلہ جاری ہے، آج کے پارک کا افتتاح بھی اسی کا تسلسل ہے،ٹاؤن چیئرمین فراز حسیب اور یوسی چیئر مین حافظ ارشاد سمیت کارکنان، نیازی پارک کے افتتاح کرنے پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

حافظ ارشاد نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے شریف آباد میں نیازی پارک بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ورنہ اس سے قبل یہاں مٹی اور دھول اُڑاکرتی تھی۔یہ یوسی 2 شریف آباد میں اہل علاقہ کے لیے جماعت اسلامی کا ایک تحفہ ہے۔ اس میں تعمیر کیے گئے سوئمنگ پول کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔