Live Updates

سینیٹر شیری رحمان کا مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کا خیرمقدم، بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد

تمام صوبوں کی مشاورت سے پانی اور زراعت کی طویل المدتی پالیسی تشکیل دینے کے لیے کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، بیان

منگل 29 اپریل 2025 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کا خیرمقدم، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اتفاق رائے کے بغیر نہروں کی تعمیر نا کرنے کا فیصلہ اور تمام صوبوں کی مشاورت سے پانی اور زراعت کی طویل المدتی پالیسی تشکیل دینے کے لیے کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو نے دریائے سندھ پر نئی نہریں تعمیر کرنے جیسے حساس معاملے پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی۔ شیری رحمن نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے دلیرانہ اور اصولی موقف کے بدولت ہی سندھ کے پانی کے معاملے پر اعتراضات کے حل کیلئے سی سی آئی کا اجلاس بلایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے مسلسل آواز اٹھا کر نہ صرف آئین کی روح کی حفاظت کی بلکہ 1991 کے پانی کے معاہدے اور پاکستان کے کسانوں اور ماحولیاتی و زرعی مستقبل کا دفاع بھی کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بات چیت، اتفاق رائے اور آئینی راستہ ہی ایک مضبوط اور متحد پاکستان کی ضمانت ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو بھی قومی سلامتی اور پانی جیسے اہم قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور اجتماعی عزم کی اشد ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ سی سی آئی کا اعلامیہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت عوام اور اپنی تمام اکائیوں کے حقوق و خواہشات کے تحفظ میں مضمر ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات