Live Updates

-گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب پر تشدد قابل مذمت ہے ، آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن

منگل 29 اپریل 2025 21:20

mکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن صوبائی سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب پر پنجاب حکومت کی جانب سے تشدد اور مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ ظالم حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لیے معصوم ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

جی ایچ اے پنجاب کے پرامن احتجاج کو کچلنے کی کوششیں نہ صرف ناکام ہوں گی بلکہ عوام کی نفرت کو اور بھڑکائیں گی۔ پنجاب حکومت کا یہ رویہ ثابت کرتا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے بجائے طاقت کے بل پر حکمرانی چاہتی ہے۔ ہیلتھ کئیر پروائیڈر کے خلاف پولیس کی بربریت، لاٹھی چارج، اور گرفتاریاں حکومتِ پنجاب کے لیے باعث شرم ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کی قیادت کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا کر اپنی بوکھلاہٹ اور کمزوری کا اعلان کر دیا ہے۔

لیڈرز کو معطل کرنا، گرفتار کرنا، یا دھمکانا دراصل جی ایچ اے کی عوامی حمایت سے خوفزدہ ہونے کی علامت ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ظالم نے آوازوں کو طاقت سے کچلنے کا راستہ اپنایا ہے تب عوامی انقلاب نے جنم لیا ہے۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام نہ صرف ناکام ہوگا بلکہ ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ یہ حکومت سمجھتی ہے کہ طاقت کے زور پر عوامی تحریکوں کو خاموش کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ ان کا وہم ہے جو انہیں تباہی کی طرف لے جائے گاترجمان نے کہا کہ تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ یلتھ کئیر پروائیڈرز نے کبھی بھی طاقت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

ان کا احتجاج انصاف، حقوق اور انسانیت کی آواز ہے جسے کوئی ظالم حکومت دبا نہیں سکتی۔ پنجاب حکومت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ ہیلتھ کیئر پروائیڈر کو ڈرا کر یا مار کر ان کے مطالبات کو دفن کر دے گی لیکن ان کی بے خوفی ہمیشہ ظلم پر غالب آئی ہے اور انہیں روکنا کسی کے بس کی بات نہیںترجمان نے کہا کہ پنجاب حکومت کے وزیروں اور مشیر احمقوں کی جنت میں رہتے ہوئے سمجھتے ہیں کہ ینگ ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرامیڈیکس کو طاقت کے بل خاموش کرا دیا جائے گا لیکن یہ محض ان کی حماقت ہے۔

جو لوگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کو خاموش کرانے کا خواب دیکھتے ہیں، وہ تاریخ کے کچرے کے ڈھیر پر پڑے ہوئے ہیں۔ پنجاب حکومت کا یہ گھٹیا رویہ عوام کو مزید مشتعل کر رہا ہے، اور اس کا انجام بربادی ہوگاترجمان نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکس نے ہمیشہ اپنے اتحاد، نظم، اور استقامت کی بنیاد پر کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ آج بھی وہ اپنے حقوق کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں اور کسی بھی قیمت پر پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

پنجاب حکومت کی چالوں، جعلی وعدوں، یا جبری کارروائیوں نے ان کے عزم کو کمزور نہیں کیا۔ یہ ہیلتھ کیئر پروائیڈر جانتے ہیں کہ ان کی لڑائی صرف اپنے لیے نہیں، بلکہ پورے نظام صحت اور عوامی حقوق کے لیے ہے۔ ان کا اتحاد پہاڑ کو ہلا سکتا ہے پھر یہ کٹ پتلی حکومت کیا چیز ہے اور یہی وہ طاقت ہے جو حکومت کو خوفزدہ کر رہی ہے ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ سے لے کر کشمیر تک، ہر شہر میں ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس سرکار کی ناکام پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج پر ہیں۔

یہ تحریک اب صرف پنجاب تک محدود نہیں، بلکہ پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔ عوام اپنے ہیلتھ کیئر پروائیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ لڑائی ان کی اپنی بقا کی لڑائی ہے۔ حکومت کی جھوٹی ترجیحات، کرپشن، اور عوامی وسائل کی لوٹ نے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کی یہ جدوجہد دراصل عوامی طاقت کا اظہار ہے جو ظالم حکمرانوں کو للکار رہی ہے۔

ترجمان نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے مطالبات فورا تسلیم کریں، ورنہ عوامی طاقت تمہاری حکومت بہا لے جائے گی ۔پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن صوبائی سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ بلوچستان گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو حتمی انتباہ دیتے ہیں کہ فوری طور پر GHA پنجاب کے جائز مطالبات تسلیم کرکے تمام گرفتار ڈاکٹرز نرسز اور پیرامیڈیکس کو رہا کرے، اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو پنجاب کے ساتھ پورے ملک میں سڑکوں پر عوامی طاقت کا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا۔

یہ طوفان نہ صرف تمہاری کرپٹ حکومت کو بہا لے جائے گا بلکہ تمہاری تمام ناانصافیوں کا خاتمہ کر دے گا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ہم حکومت بلوچستان کو بھی خبردار کرتے ہیں کہ وہ گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کے تمام مطالبات فی الفور تسلیم کر کر کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات