Live Updates

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کریں ، پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا ’’نیوزویک‘‘ کو انٹرویو

جمعرات 1 مئی 2025 01:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کریں خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکی صدر یورپ اور مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے حل کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ہفت روزہ میگزین ’’نیوزویک‘‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہاکہ اگر ہمارے پاس ایک ایسا صدر ہے جو دنیا میں امن کے قیام کو اس انتظامیہ کا واضح مقصد بنائے ہوئے ہے تاکہ وہ ایک مصالحت کار یا جنگوں کا خاتمہ کرنے والے کے طور پر ایک پہچان قائم کر سکیں تو میرا نہیں خیال کہ سب سے زیادہ فلیش پوائنٹ خصوصاً جوہری لحاظ سے کشمیر کے علاوہ کوئی اور ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جوہری صلاحیت رکھنے والے صرف ایک یا دو ممالک کی بات نہیں ہو رہی، یہ صورتحال واقعی بہت سنگین ہے۔ رضوان سعید شیخ نے زور دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے بحرانوں کو مؤثر انداز میں ختم کرنے کیلئے ماضی کی امریکی کوششوں کے مقابلے میں ایک زیادہ جامع اور پائیدار پالیسی اپنانا ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ میرے خیال میں اس خطرے کے ساتھ جس کا ہم سامنا کر رہے ہیں، صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک موقع بھی موجود ہے کہ ہم اس صورتحال کو صرف فوری کشیدگی کو کم کرنے کی پالیسی پر نہ چھوڑیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے مستقل اور پائیدار حل کی طرف بڑھیں تاکہ یہ مسئلہ ہر بار کسی نئے واقعے پر دوبارہ سر نہ اٹھائے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات