Live Updates

سیاسی تحریک کے ذریعے ہی کوئی راستہ بنے گا جو عمران خان کو انصاف دے گا، سلمان اکرم راجہ

ہماری جنگ جاری ہے میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ ہماری فتح ہوگی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، موجودہ نظام مصنوعی ہے اس کی غیر قانونی حیثیت ہی اس نظام کو گرائے گی؛ ٹورنٹو میں ورکرز کنونشن سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 مئی 2025 11:46

سیاسی تحریک کے ذریعے ہی کوئی راستہ بنے گا جو عمران خان کو انصاف دے گا، ..
ٹورنٹو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ ہماری جنگ جاری ہے میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ ہماری فتح ہوگی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، موجودہ نظام مصنوعی ہے اس کی غیر قانونی حیثیت ہی اس نظام کو گرائے گی۔ ٹورنٹو میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس جوڈیشل سسٹم کا شکار نہیں ہیں جو اپریل 2022 سے پہلے تھا ہم اپریل 2022 کے بعد کے جوڈیشل سسٹم کا سامنا کر رہے ہیں 26ویں ترمیم کے بعد نیا جوڈیشل سسٹم پیدا کیا گیا ہے جس کے ذریعے جوڈیشل سسٹم مکمل طور پر ایگزیکٹو کے کنٹرول میں چلا گیا ہے، جس کی وجہ سے ہم اس وقت بدترین ظلم بدترین فسطائیت کا سامنا کر رہے ہیں آپ تصور بھی نہیں کر سکتے کہ ایک آئینی ترمیم کے لیے اغوا تشدد اور ظلم کا راستہ اپنایا جائے گا لیکن 26ویں ترمیم کے لیے اغواء ٹارچر اور تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کیا گیا آج جوڈیشل سسٹم نہیں چل رہا۔

(جاری ہے)

سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ ان کو اندازہ ہو گیا تھا کہ جوڈیشل سسٹم پر مکمل قبضہ کیے بغیر عمران خان کو مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا اسی لیے جوڈیشل سسٹم پر مکمل کنٹرول کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں جوڈیشل سسٹم اور الیکٹورل سسٹم مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، بلآخر سیاسی تحریک کے ذریعے ہی کوئی راستہ بنے گا جو عمران خان کو انصاف دے گا، ہم جوڈیشل سسٹم کے ساتھ مصروف ضرور ہیں لیکن اب جوڈیشل سسٹم کی طرف نہیں دیکھ رہے بلکہ سیاسی عمل پر کام کر رہے ہیں۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ میں لاہور میں ایم این اے کا الیکشن لڑ رہا تھا میرا نشان اور تھا میرے نیچے 5 امیدواروں کو جو میری جماعت کے تھے سب کے نشان الگ تھے ہم سے بلے کا نشان چھین لیا گیا تھا لوگوں نے مختلف نشانات کے باوجود پر بڑھ چڑھ کر تحریک انصاف کے امیدواروں کو سپورٹ اور ووٹ کیا یہ تاریخی ہے، شاہ محمود قریشی 74 سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد عمر سرفراز چیمہ سینیٹر اعجاز چوہدری میاں محمود الرشید کو ناحق جعلی مقدمات میں قید کیا ہوا ہے، پاکستانی قوم نے ظلم جبر اور فسطائیت کا جس طرح مقابلہ کیا ہے انسانی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

اس موقع پر اقلیتی رہنماء پی ٹی آئی مہیندر پال سنگھ نے کہا کہ کرتار پور کوریڈور عمران خان نے کھول کر پوری دنیا میں سکھ کمیونٹی کے دل جیت لیے عمران خان نے صرف 30 میں کرتار پور کوریڈور کھول کر دنیا بھر کی سکھ برادری کی دعائیں سمیت لیں آج پوری دنیا میں سکھ برادری عمران خان کو مسیحا کے طور پر دیکھتی ہے 75 سال سے سکھوں کو کرتارپور سے دور رکھا ہوا تھا لیکن پھر عمران خان نے یہ نیکی سمیٹ لی، میں نارتھ امریکہ میں گردواروں میں گیا سکھ کمیونٹی سے ملا مجھے لگا جیسے میں پاکستان میں ہوں مجھے اندازہ ہوا پاکستان کی حکومت نے اداروں نے عمران خان کی عزت نہیں کی جتنی سکھ کمیونٹی عمران خان کی عزت کرتی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات