مودی سرکار نے جارحیت کی کوئی حماقت کی تو گلگت بلتستان کے 20 لاکھ مرد وزن پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کی کابینہ کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 1 مئی 2025 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور کابینہ نے خبردار کیا ہے کہ پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر مودی سرکار نے جارحیت کی کوئی حماقت کی تو گلگت بلتستان کے 20 لاکھ مرد وزن پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے،فالس فلیگ آپریشن کی آڑ لے کر پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی مذموم سازش کو دنیا نے مسترد کر دیا۔

جمعرات کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اپنی کابینہ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ گلگت بلتستان کے 20 لاکھ عوام پاکستان کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر مودی سرکار نے پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی، لیکن دنیا نے اس سازش کو مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت بخوبی جانتا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

گلبر خان نے دوٹوک اعلان کیا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا لازمی حصہ ہے اور یہاں کا ہر فرد خود کو پکا پاکستانی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے اس خطے کو اپنی قربانیوں سے آزاد کروا کر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، ڈوگرا راج کو پتھر مار مار کر بھگایا اور آج بھی گلگت بلتستان کا بچہ بچہ پاکستان کے دفاع کے لیے تیار ہے۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلا کر بھارت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی جائے گی تاکہ دنیا کو واضح پیغام دیا جا سکےکہ اگر دشمن نے جنگ مسلط کی تو گلگت بلتستان کے 20 لاکھ مرد، خواتین اور بچے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔

وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے بھی پرعزم لہجے میں کہا کہ جی بی کے عوام پاکستان کی محبت میں سرشار ہیں اور اگر مودی نے کوئی شرارت کی تو گلگت سے کراچی تک قوم متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جانیں قربان کر رہے ہیں لیکن ان کی زبان پر آج بھی پاکستان کا نعرہ ہے۔ شمس لون نے خبردار کیا کہ ہندوستان نے کوئی بھی غلطی کی تو گلگت بلتستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر جی بی میں کسی نے منفی بیان دیا ہے تو وہ فرد گلگت بلتستان کی نمائندگی نہیں کرتا،پوری دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان ہی اصل پاکستان ہے۔