Live Updates

پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے،گورنر پنجاب سردار سلیم حید رخان

جمعرات 1 مئی 2025 19:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حید رخان نے کہا ہے کہ بھارت ہمیں دھمکانے کی کوشش کر رہا ہے ،ہماری آزادی پر وار ہوا تو جہاد ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور شہادت مومن کا ورثہ ہے۔بھارت کو پیغام ہے کہ ہوش کے ناخن لے، ہمارے ملک میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے اور ہم عرصہ دراز سے دہشت گردی کی جنگ سے نمٹ رہے ہیں ۔

پاکستان کا ہر شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ، اگر جنگ مسلط ہوئی تو بھارت کا نام صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا،پوری قوم ملک کی حفاظت کے لئے شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے کے لئے تیار ہے۔ پاکستان قائم رہنے کے لئے بنا ہے۔ ان خیالات کا اظہارگورنر پنجاب سردار سلیم حید رخان نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے علامہ اقبال بار ہال میں عالمی یوم مزدورکے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدور دوست سیاسی جماعت ہے ، پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے ، سرمایہ داروں نے اس جماعت کی مخالفت کی۔ شکاگو کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ان مزدوروں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر مزدوروں کے حقوق کی بنیاد رکھی ، 1972 ءکو پہلی لیبر پالیسی ذوالفقار علی بھٹو نے دی تھی پیپلزپارٹی نے مزدوروں کی تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ کیا ، پنشن اور اولڈ ایج بینیفٹ میں پیپلزپارٹی کے دور اقتدار میں اضافہ کیا گیاتھا ۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان اللہ وڑائچ، سیکرٹری چوہدری محمد افضال اسلم، نائب صدر چوہدری حسن اکرم، ممبرپنجاب بار کونسل راحیل کامران چیمہ، سینئر بار رکن خواجہ اویس مشتاق، اظہر علی دیال، مرزا حامد بیگ،چوہدری عزیز الرحمن چیچی،حافظ محمد رضوان، میثم عباس نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرجوائنٹ سیکرٹری رانا عادل خالد،سینئر بار ممبر وحید بخاری کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات