یکم مئی صرف ایک دن نہیں بلکہ یہ محنت کش طبقے کی صدیوں پر محیط جدوجہد، قربانی اور عزم کا استعارہ ہے، پی پی پی رہنماء

جمعرات 1 مئی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے چیف کوآرڈینیٹر و فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادرشاہین اور میڈیا کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب محمد سلیم مغل نے یومِ مزدور کے موقع پر شکاگو کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سرپرستی میں ملک بھر کے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور ہنر مندوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور معاشی خودمختاری کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یکم مئی صرف ایک دن نہیں بلکہ یہ محنت کش طبقے کی صدیوں پر محیط جدوجہد، قربانی اور عزم کا استعارہ ہے، شکاگو کے شہدا نے 1886ء میں اپنے خون سے جو چراغ روشن کیا، وہ آج بھی دنیا بھر کے مزدوروں کو روشنی اور ہمت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین وسابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بارمزدور طبقے کو ریاستی سطح پر وہ عزت، پہچان اور حقوق دلوائے جس کے وہ مستحق تھے، چاہے وہ کم از کم اجرت کا تعین ہو، سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی جیسے ادارے ہوں یا محنت کشوں کو اداروں میں شراکت داری دینا ہو ، پیپلز پارٹی نے ہر محاذ پر مزدور کا ساتھ دیا، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اس مشن کو جاری رکھا اور سماجی تحفظ کے اقدامات میں قابلِ ذکر وسعت پیدا کی۔

انہوں نے کہاکہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو اعزاز رہا جنہوں نے اپنے سابقہ دور حکومت میں سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں و پنشن سمیت بنیادی اسکیلوں میں ترقی دیکر محنت کش طبقہ کے ساتھ پیپلز پارٹی کے منشور اور غریب دوست ہونے کا ثبوت دیا۔ پارٹی رہنمائوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج کے نوجوان، محنت کش اور کم آمدنی والے طبقے کی سب سے توانا آواز ہیں، ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے مزدور کارڈ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور روزگار اسکیموں جیسے اقدامات کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ پیپلز پارٹی صرف وعدے نہیں، عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور پر پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور ان کے حقوق کی جدوجہد کو اپنا فرضِ اولین سمجھتی ہے۔