شہید بھٹو ازم اور شہید بے نظیر مشن نامکمل قومی ایجنڈا رہے گا،خورشید حسین کیانی

جب تک دولت کی غیر منصفانہ تقسیم طبقاتی نظام تعلیم فرسودگی استحصال جبر، عدم برداشت غیر جمہوری رویوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا شہید بھٹو ازم اور شہید بے نظیر مشن نامکمل قومی ایجنڈا رہے گا

جمعہ 2 مئی 2025 14:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)ڈویژنل سینئر نائب صدر خورشید حسین کیانی نے کہا ہے کہ جب تک مزدور کی تنخواہ آدھا تولہ سونے کے برابر مقرر کر کے لیبر کالونیوں کی تعمیر،صحت، تعلیم، روزگار کے مواقع فراہم نہیں ہوتے پیپلز پارٹی کی پرامن سیاسی جدوجھد جاری رہے گی۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شھید نے مزدروں کے حقوق کو آئینی تحفظ دیکر اپنے آپ کو تاریخ میں امر کر دیا۔

جب تک دولت کی غیر منصفانہ تقسیم طبقاتی نظام تعلیم فرسودگی استحصال جبر، عدم برداشت غیر جمہوری رویوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا شہید بھٹو ازم اور شہید بے نظیر مشن نامکمل قومی ایجنڈا رہے گا۔ عالمی یوم مزدور کے موقع پر ڈویژنل سینیر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی خورشید حسین کیانی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو حکومت باعزت روزگار کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضہ جات،ویلفئر فنڈز،صحت کارڈز کی اجرائیگی میں حائل رکاوٹیں دور کر کے سرخ فیتے کی فرسودہ پالیسیوں کے ذریعے تاخیری حربے اختیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی واحد عالمگیر سیاسی تحریک ہے جو دنیا بھر کی تہذیبوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے اور مزدوروں کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کو انکے بنیادی حقوق انکی دہلیز پر بلا تخصیص فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔خورشید حسین کیانی نے کہا سانحہ پہلگام کے بعد دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس پردہ بھارتی عزائم پاکستان اور آزاد کشمیر کی معیشت اور بڑھتی ہوئی سیاحت کو ناکارہ بنانا ہے لیکن بھارت کا جنگی جنون انہی کی سلامتی کیلئے خطرے کا الارم ہے۔

عالمی برادری دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان جنگی ماحول پر قابو پانے کیلئے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کو انکا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کا روڈ میپ تشکیل دے وگرنہ جنگ سے عالمی امن ریزہ ریزہ ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور مرکزی سینئر رہنما چوہدری ریاض سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پارٹی کے انقلابی منشور کا نفاذ کر کے غربت جہالت بے روزگاری طبقاتی کشمکش کو جڑ سے اکھاڑ کر خوشحال مزدور ریاست کی بنیاد رکھے گی اس لئے کہ مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان اب راج کرے گی خلق خدا جو تم بھی ہو اور میں بھی ہوں کے نعروں پر حقیقی عمل کے سوا کوئی چارہ کار ہی نہیں۔