Live Updates

وزیراعظم سے سعودی سفیر کی ملاقات، سعودی عرب کی خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی

شبہازشریف نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا،وزیراعظم کی نواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پرسعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 2 مئی 2025 16:15

وزیراعظم سے سعودی سفیر کی ملاقات، سعودی عرب کی خطے میں امن و سلامتی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 مئی 2025)وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ،سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا،وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب سمیت برادر ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے ہندوستان پر دباو ڈالیں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا موقف بیان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کی ہے۔

پاکستان نے گزشتہ برسوں میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں بڑی قربانیاں دی ہیں جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے تحفظ کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوئی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کیا اور واقعے کی شفاف اور غیر جانب دار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔

سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے تعاون سے گزشتہ پندرہ ماہ کی محنت سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر حکومت کی مکمل توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کامیابیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ سے ہٹانے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات