حکومت تجارت کو سمجھنے میں ناکام اورسیاست دانوں میں صلاحیت کا فقدان ہے، شاہد خاقان عباسی

ں*پاکستان کے موجودہ سیاست دانوں میں نہ تو وژن ہے اور نہ ہی اہلیت انہیں تو یہ تک نظر نہیں آتا کہ خرابی کہاں ہے تاجربرادری اپنے مسائل کا حل خود تلاش کریں ۔کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب

جمعہ 2 مئی 2025 21:50

۸کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2025ء) عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی کنوینر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت تجارت کو سمجھنے میں ناکام ہے دوسری جانب سیاست دانوں میں صلاحیت کا فقدان ہے۔ پاکستان کے موجودہ سیاست دانوں میں نہ تو وژن ہے اور نہ ہی اہلیت انہیں تو یہ تک نظر نہیں آتا کہ خرابی کہاں ہے تاجربرادری اپنے مسائل کا حل خود تلاش کریں ۔

کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بدقسمتی سے آج تک حکومت تجارت کی اہمیت کو سمجھنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروبار میں سب سے زیادہ اہمیت وقت کی ہوتی ہے، لیکن ہمارے حکمران اس بنیادی اصول کو بھی نظر انداز کرتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجر برادری کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت سے کوئی امید نہ رکھیں بلکہ اپنے مسائل کا حل خود تلاش کریں اور اس کے ساتھ حکومت کے سامنے اپنی تجاویز لے کر جائیں۔

بجلی اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں انویسٹرز کی وجہ سے نہیں بلکہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے بڑھی ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے نے بجلی کو مزید مہنگا کر دیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک میں اس وقت 24 ہزار میگاواٹ کے سولر پینل لگ چکے ہیں جو عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت نصب کیے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک کاروبار نہیں چلے گا، ملک کی معیشت بھی نہیں چل سکے گی۔ آج پاکستان کی معیشت بیرون ملک محنت مزدوری کرنے والے پاکستانیوں کے بل بوتے پر چل رہی ہے۔سابق وزیر اعظم نے چین پر لگنے والے تجارتی ٹیرف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس صورتحال کا فائدہ اٹھانا چاہیے اور برآمدات بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے سیاست اور معیشت کے باہمی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ملک میں سیاسی انتشار ہو اور کاروبار پھلے پھولے۔ انہوں نے ایران اور افغانستان جیسے ہمسایہ ممالک سے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اللہ نے انہیں ہمارا ہمسایہ بنایا ہے، مگر ہم ان سے کاروبار کرنے کے بجائے شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ میں 35 سال نون لیگ کا حصہ رہا ہوں، لیکن شہباز شریف کی حکومت کو تین سال ہو چکے ہیں اور ایک پیسے کا بھی کام نہیں کیا گیا۔ نہ ان میں کام کرنے کی صلاحیت ہے اور نہ ہی ارادہ ہے ۔