بیلہ اور لاکھڑا میں لکڑیوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث افراد کو پولیس نے گرفتار کرکے محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا

جمعہ 2 مئی 2025 23:05

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)ضلع حب اور لسبیلہ میں جنگلات کی وسیع پیمانے پر کٹائی کے خلاف عوامی شکایات پر چیف سیکرٹری بلوچستان کی سخت ہدایات محکمہ جنگلات کے افسران کا ایکشن پولیس بھی حرکت میں آگئی بتایا جاتا ہے کہ چیف سیکرٹری کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ دودنوں میں دریجی سے لکڑیاں غیر قانونی طور پر کراچی منتقل کرنے والی گاڑیوں کو تحویل میں لیکر لکڑیاں اٴْتار دیں اور چالان کیا گیا جبکہ ضلع لسبیلہ میں بیلہ اور لاکھڑا سے جنگلات کی کٹائی پر ٹمبر مافیا کے خلاف بھی فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ نے متعدد کاروائیاں کی ہیں اور لکڑیوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث افراد کو پولیس نے گرفتار کرکے محکمہ جنگلات کے حوالے کیا ہے اور لکڑیوں کی غیر قانونی ترسیل میں استعمال کئے گئے ٹریکٹر ٹرالیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں جبکہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور ز کو گڈانی جیل منتقل کردیا گیا ہے واضح رہے کہ چیف سیکرٹری نے متعدد بار ماحولیات کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے ہیں لیکن متعلقہ افسران کی ملی بھگت سے لسبیلہ اور ضلع حب میں چوری چھپے جنگلات کی کٹائی جاری ہے چیف سیکرٹری کے سخت احکامات کے بعد لسبیلہ اور حب ضلع کی پولیس بھی حرکت میں آئی ہے گزشتہ روز دریجی سے دو گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ذرائع بتاتے ہیں کہ عنقریب ٹمبر مافیا کی جوآرا مشین لگی ہوئی ہیں اور جو لوگ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث ہیں اور ٹمبر مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں انکے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جارہا ہے ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پاکستان کوسٹ گارڈز اور کراچی رینجرز کی بھی خدمات لی جائیگی واضح رہے کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کے حالیہ اقدامات کے بعد ٹمبر مافیا اور انکی پشت پناہی میں ملوث سیاسی اور بااثر حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے واضح رہے کہ حب اور لسبیلہ کی ماحول دوست سیاسی اور عوامی حلقوں نے چیف سیکرٹری کے ان اقدامات کو سراہا ہے۔