Live Updates

بھارت پہلگام واقعے پر پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے سے بھاگ رہا ہے،اس وقت قومی یکجہتی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے،حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 3 مئی 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت پہلگام واقعے پر پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے سے بھاگ رہا ہے،،اس وقت قومی یکجہتی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے،پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال میں مسئلہ فلسطین و اہل غزہ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، دونوں محاذوں پر کام کرنا ہوگا، اسرائیل اور بھارت دونوں کو امریکی حمایت حاصل ہے اور تینوں کا اتحاد ہے، بڑے شہروں میں ملین مارچ اور 26اپریل کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد 17مئی کو ایبٹ آباد اور 18مئی کو مالا کنڈ میں عظیم الشان اور تاریخی ”یکجہتی غزہ مارچ“ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان، نائب امیر واپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ،ایم پی اے محمد فاروق،نائب امیر کراچی راجہ عارف سلطان و دیگر بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ بھارت نے پہلگام میں اپنے ہی سیاحوں کو قتل کرکے جو فالس فلیگ آپریشن کیاہے یہ پہلا آپریشن نہیں ہے، اس سے پہلے بھی یہ کبھی تاج ہوٹل کبھی پارلیمنٹ پر حملہ کروا چکا ہے، کبھی یہ الفاران نامی تنظیم بناکر سیاحوں کو اغوا اور کبھی سکھوں کا قتل کرواتا ہے، بھارت پاکستان کے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے سے بھاگ رہا ہے، بھارت کی آبی دہشت گردی کا تو کوئی تذکرہ ہی نہیں کررہا، بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا ہے،اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیاجاسکتا، اس حوالے سے پاکستان کواپنی سفارتی کوششیں تیز کرنی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ 3مئی کو صحافت کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اس موقع پر ہمیں غزہ کے صحافیوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے،غزہ میں 211صحافی جاں بحق ہوچکے ہیں،جن میں 28خواتین صحافی بھی شامل ہیں اسرائیل صہیونیوں کی بات کرتا ہے اور بھارت ہندوتوا کی اور ان دونوں کو امریکہ کی حماعت حاصل ہے، اسرائیل نے فلوٹیلا آرگنائزیشن جو امدادی سامان لے کر جارہی تھی پر مالٹا کے قریب حملہ کیا ہے،ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات