Live Updates

ڑ*حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں اقلیتوں کا تحفظ سرفہرست ہی: رمیش سنگھ اروڑہ

&صوبائی وزیر اقلیتی امور کا قصور میں ’’گڈ شیپرڈ مسیحی ہسپتال‘‘ کے ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح

اتوار 4 مئی 2025 19:50

qلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور، جناب رمیش سنگھ اروڑہ نے گزشتہ روز قصور کے نواحی علاقہ الہ آباد کا دورہ کیا اور ''گڈ شیپرڈ مسیحی ہسپتال'' کے ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر مذہب انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اور خوشی ہے کہ اسی جذبے کے تحت یہ ادارہ پسماندہ علاقوں میں بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے ہسپتال کے بانی چیئرمین ڈاکٹر سلیم میسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم مشن اپنایا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے تحت ایک پسماندہ علاقے میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال کا قیام ایک اعلیٰ مثال ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے تمام مذاہب مسلمان، ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر سب پاکستانی پرچم تلے متحد ہیں۔

قصور کی اقلیتیں اور باشعور عوام پاکستان کا فخر ہیں۔ قیام پاکستان سے اب تک مسیحی برادری نے ملک و قوم کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں اقلیتوں کا تحفظ سرفہرست ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی پہلی تقریر میں اقلیتوں کو ''سر کا تاج'' قرار دیا، جو ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا، جب کہ پچاس ہزار اقلیتی خاندانوں کو ''مینارٹی کارڈز'' فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ قصور کی اقلیتی آبادی کے لیے بیس کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک بھارت کو ایک دہشتگرد ریاست کے طور پر جاننے لگے ہیں۔

اگر بھارت امن کی بات کرے تو پاکستان تیار ہے، لیکن اگر جنگ کی نیت رکھے گا تو اسے ابھی نندن اور کلبھوشن یاد رکھنے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں بسنے والے سکھ، پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان سے بھارت واپس جا کر ''پاکستان زندہ باد'' کے نعرے لگاتے ہیں۔ پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات میں آر ایس ایس کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئیں گے۔ انہو ں نے اس جذبے کا اظہار کیا کہ پاکستان کی تمام اقلیتیں اپنی دھرتی ماں کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات