Live Updates

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ کی وزیر ماحولیات بلوچستان حاجی نسیم الرحمن ملاخیل سے ملاقات

پیر 5 مئی 2025 02:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے وزیر ماحولیات بلوچستان حاجی نسیم الرحمن ملاخیل سے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ہندوستان کی جانب سے خود ساختہ پہلگام واقعہ کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمانوں کے خلاف کارروائیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

وزیر ماحولیات بلوچستان حاجی نسیم الرحمن نے ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف زہریلے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بلوچستان کی حکومت اور عوام دفاع وطن کے لیے یکجا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا ضروری ہے، ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم رکوانے کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی ادارے اپنا عملی کردار ادا کریں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات آزادکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قوم یکجا اور متحد ہے، کشمیریوں نے بھارتی تسلط کو نہ قبول کیا ہے اور نہ کریں گے۔ خود ساختہ پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کرتے ہیں کہ اگر دشمن کی جانب سے کسی ایڈونچر کی کوشش کی گئی تو پھر ہندوستان کی آنیوالی نسلیں بھی پچھتاتی رہیں گی۔اس موقع پر ایس ایس پی سردار انجم خان ترین کے جواں سال بیٹے ڈی ایس پی احتشام ترین کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات