Live Updates

پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار بھارتی جارحیت پر بریفنگ دیں گے،اجلاس میں پاکستان اقوام عالم کو بھارت کی اشتعال انگیزی اور خطے میں امن کو لاحق خطرات سے آگاہ کرے گا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 5 مئی 2025 11:27

پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 مئی 2025)پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا، اجلاس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار بھارتی جارحیت پر بریفنگ دیں گے،پاکستان اقوام عالم کو بھارت کی اشتعال انگیزی اور خطے میں امن کو لاحق خطرات سے آگاہ کرے گا، پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر سلامتی کونسل کی صدارت کو اجلاس بلانے کی باضابطہ اطلاع دی گئی تھی۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید کا کہنا تھا کہ امریکہ کا سلامتی معاملات میں ایک نمایاں کردار ہے اور ہمیں توقع ہے کہ وہ کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرے گا۔ امریکی انتظامیہ میں بھی اس معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ سب جانتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کبھی محدود نہیں رہتی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان نے بھارتی جارحیت اور خطے کی تازہ ترین صورت حال سے اقوام متحدہ کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی۔پاکستان نے باضابطہ طور پر خطے کی تازہ ترین صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔اعلامیے کے مطابق پاکستان سلامتی کونسل کوبھارت کے جارحانہ اقدامات سے آگاہ کرےگا جبکہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان واضح کرے گا کہ کس طرح ہندوستان کے جارحانہ اقدامات جنوبی ایشیا اور خطے سے باہر امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔یہ اہم سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل بتایاگیا تھا کہ بھارت سے کشیدگی کے معاملے پر پاکستان نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر غور شروع کیاتھا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ سلامتی کونسل میں اس معاملے کو اٹھانے سمیت تمام آپشنز موجود تھے۔جب مناسب وقت آئے گا تو پاکستان سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کرے گا۔ پہلگام حملے کے بعد بھارتی جارحانہ اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان گہری نظر رکھے ہوئے تھا۔

پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے متنبہ کیا کہ موجودہ بحران تیزی سے بڑھ سکتا تھا۔انہوں نے کہا تھاکہ پہلگام حملے کے تناظر میں بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے موجودہ انتہائی اشتعال انگیز ماحول میں معقول انٹیلی جنس رپورٹس موجود تھے جو پاکستان کے خلاف بھارت کی طرف سے کارروائی کے خطرے کی طرف اشارہ کرتی تھیں۔

یہ بات واضح ہے کہ ایک واقعہ پیش آیا لیکن اب جو صورتحال جنم لے چکی تھی وہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کیلئے حقیقی خطرہ ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ سلامتی کونسل کو اس پر غور کرنا چاہیے تھا۔ درحقیقت اس کے پاس اس کا مینڈیٹ موجود ہے اور کونسل کا کوئی بھی رکن، بشمول پاکستان اجلاس بلانے کی درخواست کر سکتا ہے جو بالکل جائز ہوگا۔پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد پہلے ہی اہم بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز کو آگاہ کر چکا ہے۔

ہم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور، نیویارک میں او آئی سی گروپ اور سلامتی کونسل کے ساتھی ارکان کو بریفنگ دی ہے۔ ہم نے مختلف دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بھی اپنے موقف اور خدشات کا تبادلہ کیا تھا۔ 

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات