Live Updates

سٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کردی، شرح سود 12 سے 11 فیصد پر آ گئی

سٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں پالیسی ریٹ کو 100 بی پی ایس کم کرکے 11فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو 6 مئی 2025ء سے موثر ہوگا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 5 مئی 2025 17:05

سٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کردی، شرح سود 12 سے 11 فیصد پر آ گئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 مئی 2025)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ،سٹیٹ بینک نے شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس یا ایک فیصد کمی کرنے کا اعلان کردیا، سٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی جانب سے کمی کے بعد شرح سود 12 سے 11 فیصد پر آگئی،جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی شرح سود میں کمی کا سبب بنی، مہنگائی کی شرح اپریل میں سالانہ بنیادوں پر 0.3فیصد رہی۔

11 ماہ کے دوران شرح سود میں 11 فیصد کمی کی گئی ہے۔زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے اپنے آج کے اجلاس میں پالیسی ریٹ کو 100 بی پی ایس کم کرکے 11فیصد کرنے کا فیصلہ کیاہے جو 6 مئی 2025ء سے موثر ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ مالی سال 25ءکی دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی نمو 1.7 فیصد رہی۔

(جاری ہے)

زری پالیسی کمیٹی نے مالی سال 25ءکی جی ڈی پی نمو 2.5 تا 3.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی۔

مارچ میں کرنٹ اکاو¿نٹ میں 1.2 ارب ڈالر سرپلس رہا۔کمیٹی کے مطابق مارچ اور اپریل میں بجلی کی سرکاری قیمتوں میں کٹوتی اور غذائی گرانی میں مسلسل کمی کے رجحان کے باعث مہنگائی تیزی سے کم ہوئی۔ قوزی مہنگائی بھی اپریل میں گھٹ گئی جو بنیادی طور پر طلب کے معتدل حالات کی وجہ سے سازگار اساسی اثر کی عکاسی کرتی ہے۔اعلامیے مزید کہا گیا کہ اپریل میں مہنگائی کم ہوکر صرف 0.3 فیصد رہ گئی، صارفین کی توقعات میں بہتری، توانائی و گندم کی قیمتوں میں کمی ہوئی، مہنگائی اگلے مہینوں میں بڑھ سکتی ہے مگر 5-7 فیصد کی حد میں رہے گی۔

ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔ ذخائر جون 2025ءتک 14 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ ایف بی آر کے ٹیکس محاصل 26.3 فیصد بڑھے مگر ہدف سے کم رہے۔ نجی شعبے کو قرضے دینے میں 12.6 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ایم پی سی کا تجزیہ یہ تھا کہ مہنگائی کا منظر نامہ پچھلے تخمینے کے مقابلے میں مزید بہتر ہوا ہے۔ساتھ ہی کمیٹی کا نقطہ نظر یہ تھا کہ تجارتی ٹیرف کے حوالے سے بڑھی ہوئی عالمی غیریقینی کیفیت اور بین الاقوامی سیاسی حالات معیشت کیلئے چیلنجز کا سبب بن سکتے ہیں۔خیال رہے کہ 27 جنوری 2025 کو سٹیٹ بینک نے اگلے 2 ماہ کیلئے شرح سود ایک فیصد کم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد شرح سود 12 فیصد کی سطح پر آگئی تھی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات