بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کیلئے 2 ہائیڈرو پاور پروجیکٹس بنانا شروع کردیئے

بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر بنے بگلیہار ڈیم کے بعد سلال ڈیم کے دروازے بھی بند کر دیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 مئی 2025 12:03

بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کیلئے 2 ہائیڈرو پاور پروجیکٹس بنانا ..
نئی دہلی/اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 مئی 2025ء ) بھارت کی جانب سے پاکستان کو اطلاع دیئے بغیر مقبوضہ کشمیر میں 2 ہائیڈرو پاور پروجیکٹس پر کام شروع کردیا گیا۔ میدیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے پاکستان کو اطلاع دیئے بغیر ہی مقبوضہ کشمیر میں دو پن بجلی منصوبوں پر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کے لیے کام آغاز کردیا ہے، حالاں کہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت ایسا نہیں کرسکتا لیکن اس کے باوجود بھارت نے دریائے چناب پر بنے بگلیہار ڈیم کے بعد سلال ڈیم کے دروازے بھی بند کر دیئے، اتوار کے روز بھارت نے بگلیہار ڈیم کے ذریعے پاکستان کی طرف آنے والا پانی روکنا شروع کیا، جس کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل کمی آرہی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ بھارت نے دریائے چناب میں 2 دن میں مجموعی طور پر 35 ہزار 600 کیوسک پانی کا بہاؤ کم کیا جس کے بعد پانی کی آمد صرف 5 ہزار 300 کیوسک رہ گئی تھی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بھارت اب کشن گنگا ڈیم سے بھی پانی روکنے جارہا ہے جس کے بعد دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ مزید کم ہو نے کا خدشہ ہے، گزشتہ روز ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 4 ہزار کیوسک سے بھی نیچے چلا گیا تھا تاہم دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ گزشتہ روز کی نسبت بڑھ کر 27 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد محکمہ آبپاشی کی جانب سے پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث ہیڈ مرالہ سے پانی کا اخراج شروع کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کوشش سے پوری قوت سے نمٹا جائے گا، اپنے پانی کے حق کے دفاع کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں، مصدقہ رپورٹس تھیں لیکن بھارت میں حملہ کرنے کی ہمت نہیں ہوئی، کوئی جارحیت ہوئی تو مکمل طور پر تیار ہیں، ہمارا جواب ان کی نسلوں کو یاد رہے گا۔