Live Updates

قومی اسمبلی اجلاس، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تمام سیاسی قیادت ایک پیج پر آ گئی

بھارت پاکستان کا پانی کسی صورت نہیں روک سکے گا،بیرسٹرگوہر،اگر شوق ہے تو آئیں پھر پاکستان کو آزمائیں اس مرتبہ انڈین ایئر فورس کا پورا سکوارڈن اتاریں گے، فاروق ستار،ہم پاکستان کیلئے جان دینے کو تیار ہیں، سحر کامران و دیگر اراکین کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 مئی 2025 14:10

قومی اسمبلی اجلاس، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تمام سیاسی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 مئی 2025)قومی اسمبلی اجلاس میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تمام سیاسی قیادت ایک پیج پر آ گئی، سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ہمسائے ہیں۔ بار بار جنگ کی بات نہ کریں۔

پاکستان میں کئی جنگیں ہوئیں لیکن انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف کچھ نہیں ہوا۔ اس دفعہ پہلی بار مودی نے معاہدہ ختم کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے۔ بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا پاکستان سوچے گا نہیں جواب دے گا۔

(جاری ہے)

مودی کے انڈیا اور عام سیکولر انڈیا میں فرق ہے۔ مودی کا انڈیا مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے قتل عام پر خوش ہے۔ بھارت کو پتا ہونا چاہیے کہ یہ غزہ طرز کی جنگ نہیں ہو گی۔پاک بھارت جنگ ہوئی تو بہت آگے تک جائے گی۔بھارت پاکستان کا پانی کسی صورت نہیں روک سکے گا۔ مودی کے الزامات کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ دہشتگردی ہماری طرف بھی ہے۔ بھارت نے جعفر ٹرین حملے کی مذمت تک نہیں کی جبکہ ہم نے پلواما سے لے کر پہلگام تک ہر واقعے کی مذمت کی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے۔ پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کررہا بلکہ خود دہشت گردی کا شکار ہے۔ بھارتی حکومت غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہے۔پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران کا کہنا تھا کہ آج شہید ذوالفقار علی بھٹو یاد آرہے ہیں جنہوں نے جان دے کر ایٹم بم بنایا۔

آج بھارت ایٹم بم کی وجہ سے پاکستان کی طرف نہیں بڑھ پا رہا ہے۔ آج پاکستان کی ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کیلئے جان دینے کو تیار ہیں۔متحد ہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مودی کا بیانیہ زمیں بوس ہورہا ہے۔ دنیا اب جاگ رہی ہے، مودی جیسا مائنڈ سیٹ ہی تھا جس نے پاکستان بننے کی راہ ہموار کی، بھارت کا اپنا انٹیلی جنس ناکام ہے۔

اب تک کوئی سراغ کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ صرف پاکستان فوبیا ہے جو مودی کے سر پر سوار ہے۔اگر شوق ہے تو آئیں پھر پاکستان کو آزمائیں۔ اس مرتبہ انڈین ایئر فورس کا پورا سکوارڈن اتاریں گے۔ اس دفعہ چائے کی پیالی کے بجائے ڈرم بھیجیں گے کیوں کہ مودی کا آبائی پیشہ بھی چائے کا تھا۔ اس دفعہ تمہیں تمہاری حیثیت یاد دلا دیں گے۔فاروق ستار نے یہ بھی کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے، بھارت غیر جانبدارانہ تحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے؟ سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے مودی عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

بھارت نے عالمی برادری کے خلاف جنگ شروع کردی تم نے اپنے سیکولرازم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی۔قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سمیت وزرا کی 22 سیٹیں خالی ہیں۔ یہ حکومت کی سنجیدگی ہے۔ پی پی پی کی قیادت موجود ہے۔ اپوزیشن موجود ہے مگر مسلم لیگ ن ایوان سے غائب ہے۔ حکومتی روئیے سے لگتا ہے کہ حکومت سرنڈر کرچکی ہے۔

مسلم لیگ ن بھاگنا چاہ رہی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ضیاکے سربرا ہ اعجاز الحق نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تھوڑی سی ایوان پر توجہ دے۔ وزرا ایوان میں آئیں۔ جب بھی مشکل وقت آتا ہے قوم اختلافات بھلا کر متحد ہو جاتی ہے۔ وقت آئے گا جب پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔مودی کے مائنڈ سیٹ نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات