Live Updates

بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے،سردارعتیق احمد

بھارت نے نقشے کی بنیاد پر جھوٹا پراپیگنڈا کیا ،میڈیا نے خود آ کر دیکھا الزامات کس قدر بے بنیاد ہیں،وسابق وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 6 مئی 2025 21:56

مظفرآباد/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے بھارت نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث پایا گیا ہے۔امریکا اور کینیڈا میں سکھ رہنمائوں کے قتل کی منصوبہ بندی میں بھی بھارتی کردار سامنے آیا ہے۔بھارت نے نقشے کی بنیاد پر جھوٹا پراپیگنڈا کیا لیکن میڈیا نے خود آ کر دیکھے کہ یہ الزامات کس قدر بے بنیاد ہیں۔

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے اور آج بھی مغربی سرحد پر دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ پاکستان کے پاس بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کانفرنسی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو ایک زندہ مثال ہے جو پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اور گرفتار ہوا۔

جعفر ایکسپریس حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے نہ صرف دہشت گردوں سے فوٹیج حاصل کی گئی بلکہ اسے نشر کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا حالانکہ یہ واقعہ دنیا کے سنگین ترین دہشت گردی کے واقعات میں سے ایک تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد بھارتی چینلز پر ان کے انٹرویوز اور بیانات نشر ہونا اس امر کا ثبوت ہے کہ ان عناصر کو بھارتی سرپرستی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، اسے بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام تراشی کی گئی حالانکہ ایف آئی آر واقعہ کے صرف دس منٹ بعد درج کی گئی اور انٹرنیشنل میڈیا بھی دکھا رہا ہے کہ پہلگام واقعہ کی جھوٹی وڈیوز چلائی گئیں۔ بھارت کی نو لاکھ قابض فوج بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں موجود ہے، کیا وہ محض کشمیری عوام پر مظالم ڈھانے کے لئے تعینات ہی پہلگام واقعہ درحقیقت بھارتی سکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اس فالس فلیگ آپریشن کا الزام تھوپنے کی کوشش ناکام ہوئی کیونکہ پاکستان نے واقعہ کی شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔۔ کینیڈا کے وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔ لائن آف کنٹرول کے ساتھ تمام علاقے پرامن ہیں اور وہاں نہ کوئی دہشت گردی کا کیمپ ہے نہ کوئی غیر معمولی سرگرمی۔ بھارت کا پراپیگنڈا صرف دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے جو اب مزید کامیاب نہیں ہو سکتی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات