میری پہچان پاکستان کا اجلاس،ایک ایک کارکن پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ ہے، افواج پاکستان نے قوم کا سر بلند کردیا

بدھ 7 مئی 2025 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)ایم پی پی (میری پہچان پاکستان)کی مرکزی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بھارتی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔پاکستانی افواج کے منہ توڑ جواب کا خیر مقدم کیا گیا۔ نہال صدیقی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کہا گیا کہ ایک ایک کارکن پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ ہے۔اپنی شہادت کو ترجیح دیں گے۔

افواج پاکستان نے قوم کا سر بلند کردیا۔ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ملک کاوقار بلند کیا۔ بہاولپور سمیت چھ حملوں اور مساجد کو نشانہ بنانے کے عمل نے انتہا پسندانہ سوچ بھی واضع کردی۔ شہید پاکستانیوں کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارت دہشت گرد ثابت ہوگیا۔ مظفر آباد، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں بھارتی حملوں نے ثابت کردیا کہ بھارت رات کے اندھیروں میں پاکستان کی سول آبادی پر حملہ کرکے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ انتہا پسند اور فاشسٹ ملک ثابت ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارت کی چولیں ہلا دیں۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کا سفید پرچم لہرانا شکست تسلیم کرنا ہے۔ بھارت جان لے کہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری قوم شہادت کے لئے تیار ہے وہ اپنے ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ مساجد کو نشانہ بنا کر ہندو توا نظریات اور بھارتی قصائی ہونے کا مودی نے ثبوت دے دیا۔ ہم جزبہ ایمانی کے ساتھ اللہ اکبر کے نعرے کے ساتھ اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

پاکستان ناقابل شکست ہے۔ بھارت کو بڑا نقصان دے کر پاکستان نے اپنی برتری ثابت کردی۔ تمام کارکنان، ہمدرد اپنے سربراہ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ہمراہ ہمہ وقت تیار ہیں۔پاکستان زندہ باد۔۔۔پاک فوج پائندہ باد کے نعروں کے ساتھ پر جوش انداز میں اجلاس میں پاکستان کی افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں شہیدوں کو خراج عقیدت اور فاتحہ خوانی کی گئی۔زخمیوں کے لئے دعائے صحت کی گئی۔ آرمی چیف اور چاروں مسلح افواج کے سربراہان، سیکورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔