نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ سے ٹیلیفونک گفتگو

بدھ 7 مئی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل کو بھارت کے حالیہ غیر قانونی حملوں سے پیدا ہونے والی سنگین علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی ایک کھلے جنگی اقدام کے مترادف ہے جس کے نتیجے میں معصوم شہری شہید ہوئے اور علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہوا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی پر زور دیا کہ وہ پہلگام حملے کے بعد اسلامو فوبیا، نفرت پر مبنی تشدد اور ٹارگٹڈ حملوں میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل نے معصوم شہریوں کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان کے لئے او آئی سی کی حمایت کا اعادہ کیا اور کشمیری عوام کے ساتھ تنظیم کی غیر متزلزل یکجہتی کو دہراتے ہوئے جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔