ساہیوال ،ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا

جمعرات 8 مئی 2025 15:31

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) ضلعی انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز ضلع کونسل ہال سے ہوا جو ڈی سی چوک پر اختتام پذیر ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے کی۔ ریلی میں ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم، ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر الرحمن، صدر ضلعی امن کمیٹی ضیاء اللہ شاہ بخاری، احسان الحق ادریس،شیخ اعجاز رضا، ابراہام عظیم ڈینیل سمیت میڈیا نمائندگان، تاجربرادری، علماء کرام اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے قومی پرچم تھامے اور وطن سے محبت کے نعرے لگائے ہوئے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو اسکا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی جنگ میں پہل نہیں کرتے لیکن کسی کو دوسرا موقع نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری پاکستانی قوم ایک پیج پرہیں اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، یکجہتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے بھی شرکت کی۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء نے قومی جذبے سے بھرپور انداز میں اظہارِ یکجہتی کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیاز حمد مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''شہداء کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، ہم انہیں کبھی فراموش نہیں کریں گے۔'' انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں بھارت نے جس طرح بزدلانہ کاروائی کی ہے اس کے جواب میں پوری قوم یک زبان ہوگئی ہے۔ \378